منشیات کے رجحان میں اضافہ سنگین خطرہ

   

جعلی ادویات کی روک تھام بھی ضروری ، نلگنڈہ میں بیداری ریالی سے کلکٹر کا خطاب
نلگنڈہ، ۔11 اپریل ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر بی چندر شیکھر نے صحتمند معاشرے کی تشکیل کے لیے ہر فرد سے اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی ہے۔وہ آج نلگنڈہ مستقر کے کلاک ٹاور سنٹر پر ’’ہفتہ صحت‘‘ کے موقع پر ’’پبلک گورننس پروگریس پلان‘‘ کے تحت ’’ڈرگ کنٹرول ریگولیٹری‘‘ کے عنوان سے ایک بیداری ریلی کو مخاطب کر رہے تھے۔ اس پروگرام کا اہتمام ضلع ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن ضلع میڈیکل و ہیلتھ محکمہ تلنگانہ اینٹی نارکوٹکس بیورو اور محکمہ پولیس نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ میئر بوری چیتنیا سرینواس ریڈی نے اس کی قیادت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ منشیات کا بڑھتا ہوا استعمال معاشرے خصوصاً نوجوانوں کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ ضلع بھر سے 300 سے زائد طلباء اور ڈرگ لائسنس ہولڈرز نے اس مہم میں شرکت کرتے ہوئے منشیات کے مضر اثرات جعلی ادویات کی روک تھام اور اینٹی بائیوٹک مزاحمت جیسے اہم موضوعات پر شعور بیدار کرنے میں حصہ لیا۔ ضلع کلکٹر نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ ادویات خریدتے وقت جدید تکنیکی ذرائع خصوصاً کیو آر کوڈ کی تصدیق کو یقینی بنائیں تاکہ جعلی ادویات سے محفوظ رہا جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر نسخہ ادویات کی فروخت مکمل طور پر ممنوع ہے ۔ ریلی میں میئر بوری چیتنیا سرینواس ریڈی ، میریال گوڑہ رکن اسمبلی بی لکشما ریڈی ، اے ایس پی رمیش ، ضلع میڈیکل و ہیلتھ آفیسر پی۔ سرینواس ، ضلع ڈرگ انسپکٹر سی ایچ سمپت اور گورنمنٹ جنرل اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نیتا نرسمہا راؤ سمیت دیگر عہدیدار طلباء اور عوام کی کثیر تعداد شریک تھی۔