ملک کو یرغمال بنالیا گیا ہے ۔ چیف الیکشن کمشنر نے ووٹ چوری کے ذریعہ مدد کی : راہول گاندھی
نئی دہلی 6 اکٹوبر ( ایجنسیز ) کانگریس لیڈر ارہول گاندھی نے آج الزام عائد کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ اور آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت نے ملک کو یرغمال بنالیا ہے اور اس کام میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ووٹ چوری کے ذریعہ ان کی مدد کی ہے ۔ راہول گاندھی نے واضح کیا کہ اس غداری پر ان تمام کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ راہول گاندھی نے پولیس کے ساتھ آکاش وانی بھون میں بحث و تکرار کے دوران کہا کہ کوئی بھی جوابدہی سے بچ نہیں سکتا ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ انہیں اس بات سے کوئی سروکار نہیں کہ بی جے پی کیا کہتی ہے ۔ وہ یہاں ملک میں جمہوریت کو بچانے کھڑے ہیں۔ان کے ساتھ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے 300 ارکان پارلیمنٹ موجود ہیں اور وہ بھی جمہوریت کو بچانے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی ‘ امیت شاہ ‘ موہن بھاگوت اور گیانیش کمار نے ملک میں جمہوریت کو ختم کردیا ہے ۔ سارا ملک یہی بات کہتا ہے اور ملک کے نوجوان بھی اس بات کو تسلیم کرنے لگے ہیں۔ جو لوگ مجھے یہاں روک رہے ہیں ( پولیس اہلکار ) وہ بھی یہی کہہ رہے ہیں۔ حقیقت سے ہر کوئی واقف ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ نریندر مودی ‘ امیت شاہ اور موہن بھاگوت نے ملک کو یرغمال بنالیا ہے اور گیانیش کمار نے ووٹ چوری کے ذریعہ ان کی مدد کی ہے ۔ ان تمام کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔ کسی کو بھی بخشا نہیں جائے گا چاہے وہ وزیر اعظم مودی ہوں ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ ہوں ‘ آر ایس ایس سربراہ بھاگوت ہوں یا پھر چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ہوں۔ ہمارے ملک کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے وہ غداری ہے اور اس میں کسی کو بخشا نہیں جائے گا ۔