حیدرآباد۔/17 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے مرکزی وزیر کشن ریڈی کو چیلنج کیا کہ ان کے ساتھ موسیٰ ندی کے قریب تین ماہ تک قیام کرکے دکھائیں۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ فوٹو شوٹ کیلئے کشن ریڈی نے موسیٰ ندی کے قریب شب بسری کی ہے۔ ان کی شب بسری سے قبل سارے علاقہ میں مچھروں اور دیگر کیڑے مکوڑوں کا صفایا کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر ادویات کا چھڑکاؤ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ایک دن نہیں بلکہ تین ماہ تک قیام کا چیلنج کیا تھا۔ تین ماہ تک قیام کی صورت میں عوام کے حقیقی مسائل کو سمجھا جاسکتا ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کشن ریڈی تیار ہیں تو وہ خود بھی تین ماہ تک قیام کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسیٰ ندی کے اطراف کے عوام میں مختلف بیماریاں عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈرامہ بازی کے بجائے کشن ریڈی کو چاہیئے کہ وہ حکومت کو تجاویز پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور بی آر ایس موسی ریور پراجکٹ روکنے کی سازش کررہے ہیں۔1