مہدی پٹنم میں ٹھیلہ بنڈیوں کے غریب افراد پر پولیس ظلم

,

   

آصف نگر پولیس کی زیادتیوں کی شکایت، غریبوں کو پولیس کے پیر پڑنے پر بھی مجبور کیا گیا
حیدرآباد 25 جون (سیاست نیوز) مجبور، پریشان حال اور بے سہارا عوام کی مدد کرنے والی پولیس عوام کو اپنے پیر پڑنے پر مجبور کررہی ہے۔ پہلے ہی مالکین کے جبر سے پریشان ٹھیلہ بنڈی کے کاروباری اب پولیس کی مبینہ زیادتی سے اس قدر بدحال ہوگئے ہیں کہ اب پولیس کے پیر پڑنے لگے ہیں۔ یہ حال مہدی پٹنم کے علاقہ میں موجود ٹھیلہ بنڈی کاروباریوں کا ہے جو کمیشن پر کاروبار کرتے ہیں۔ نہ ہی میوہ ان کا ہوتا ہے اور نہ ہی ٹھیلہ بنڈی جبکہ ہر طرح کا خرچ اور جرمانے انھیں کے سر آتے ہیں۔ ان دنوں آصف نگر ٹریفک پولیس کی زیادتی سے اب یہ تاجرین پولیس کے پیر پڑنے پر مجبور ہوگئے۔ زندگی کے گزر بسر، سر چھوتی مہنگائی اخراجات کی پابجائی کے لئے روزانہ کی آمدنی پر انحصار کرنے والا یہ طبقہ اب اپنی مجبوری کی خاطر پولیس کے پیر پڑرہا ہے۔ جبکہ آصف نگر ٹریفک حدود میں ان کاروباریوں کے مطابق ٹریفک کی بہت زیادہ بے قاعدگیاں پائی جاتی ہیں۔ پولیس زیادتی کا شکار یہ ٹھیلہ بنڈی کاروباری اس قدر خوف زدہ ہیں کہ اب وہ اپنی آپ بیتی سنانے کے لئے بھی گھبرا رہے ہیں۔ نام نہ ظاہر کرنے اور شناخت کو راز میں رکھنے کی شرط پر چند کاروباریوں نے بتایا کہ انسپکٹر ٹریفک پولیس سدھیر کمار نے ان کے ساتھ بدسلوکی کی اور نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے انھیں رسوا کیا۔ کاروباریوں نے بتایا کہ وہ اس بات پر راضی ہوگئے تھے اور پابند عہد تھے کہ وہ آئندہ سڑک کی رکاوٹ نہیں بنیں گے باوجود اس کے ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔ عاجزی، منت و سماجت کے باوجود انسپکٹر ٹریفک پولیس آصف نگر سدھیر کمار نے انھیں پیر پڑنے پر مجبور کیا اور اس کے بعد بھی روزانہ کی اساس پر کمیشن کے لئے کاروبار کرنے والے مجبور ٹھیلہ بنڈی والوں کو بُرا بھلا کہتے ہوئے ٹھیلہ بنڈیوں کو ضبط کرلیا۔ ان کاروباریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایک عرصہ سے کاروبار کرتے ہیں اور سڑک کے کنارے ایسے مقامات پر ٹھہرتے ہیں جہاں سے ٹریفک بہاؤ میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔ جبکہ آصف نگر ٹریفک حدود میں کئی ایسے کاروباری ادارے ہیں جو درمیان سڑک تک باضابطہ پارکنگ کرواتے ہوئے شان سے کاروبار کرتے ہیں اور ٹریفک پولیس نے کبھی ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی اور وقتیہ معمولی مقدمات کے ذریعہ کارروائی انجام دی۔ ٹھیلہ بنڈی کاروباریوں کے مطابق سدھیر کمار کی باتوں اور حرکتوں سے ایسا ظاہر ہورہا تھا جیسا کہ انھوں نے ٹھیلہ بنڈی کاروباریوں کے سامنے کیا وہ گھریلو مسائل سے اور اعلیٰ عہدیداروں کے دباؤ کا شکار ہیں۔ ٹھیلہ بنڈی کاریوں پر برہم ہوکر انھوں نے کچھ خیالات کا اظہار کیا۔ ٹریفک پولیس کی ایسی کارروائیوں اور اقدامات سے ریاستی حکومت اور پولیس سربراہ کے مشن کو کاری ضرب لگنے کے مترادف ثابت ہورہے ہیں۔ ایک طرف پولیس کے اعلیٰ عہدیدار عوام سے قریب ہونے اور انھیں بہتر خدمات فراہم کرتے ہوئے فرینڈلی پولیسنگ کو عروج پر لے جانے کی کوشش میں ہیں تو وہیں دوسری طرف ماتحت عہدیداروں کا رویہ اتنا ہی برخلاف نظر آرہا ہے۔