می سیوا سنٹرس پر جائیداد کی تفصیلات داخل کی جاسکتی ہیں

   

حیدرآباد : لوگ اب ان کے قریبی می سیوا سنٹر پہنچ کر کوئی فیس ادا کئے بغیر ان کی جائیدادوں کی تفصیلات داخل کرسکتے ہیں ۔ آئی ٹی ڈپارٹمنٹ نے دھرانی پورٹل کیلئے غیر زرعی جائیدادوں کے زیادہ اندراج کیلئے سہولت اور آسانی پیدا کرنے کیلئے می سیوا سنٹرس کو اس میں شامل کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے ایک حکم جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ ’’ جائیداد مالکین کیلئے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات داخل کرنے کیلئے ایک متبادل راہ فراہم کرنے کے مقصد سے مناسب سہولت می سیوا سنٹرس میں فراہم کی جارہی ہے ‘‘ ۔ جائیداد مالکین ان خدمات سے استفادہ کرنے کیلئے خود می سیوا سنٹرس پہنچ کر انفارمیشن الکٹرانیکل داخل کرسکتے ہیں ۔ آر ڈی میں کہا گیا کہ ایک خصوصی اقدام کے طور پر یہ سہولت تمام جائیداد مالکین کو مفت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈائرکٹر می سیوا کو اس طرح کی جائیدادوں کے رجسٹریشن کیلئے انٹر فیس بنانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ تلنگانہ اسٹیٹ ٹکنالوجی سروسیس ، می سیوا اور سی ڈی ایم اے کے عہدیدار رجسٹریشن کی جانی والی ہر جائیداد کیلئے می سیوا کو ادا کی جانے والی رقم مقرر کریں گے ۔ چیف سکریٹری سومیش کمار کے دستخط سے جاری کئے گئے اس آرڈر میں می سیوا کے عہدیداروں پر اس بات کیلئے بھی زور دیا گیا کہ می سیوا کے ذریعہ اس سسٹم میں اب لوڈ کی جانی والی جائیدادوں کی تعداد کے ساتھ ایک روزانہ رپورٹ تیار کریں ۔ اس آرڈر میں کہا گیا کہ حکومت تلنگانہ نے ریاست میں گرام پنچایتیں اور شہری مجالس مقامی ( یو ایل پیز) میں غیر زرعی جائیدادوں کے مالکین کو پاس بکس جاری کرنے کیلئے اس طریقہ کار کو شروع کیا ہے ۔ اس کیلئے خصوصی طور پر تیار کئے گئے موبائیل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے عہدیداروں کی جانب سے جائیداد مالکین سے درکار انفارمیشن حاصل کی جارہی ہے ۔