نارائن پیٹ کے 68 اساتذہ کو اعزاز سے نوازا گیا

   

نارائن پیٹ 06/ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نارائن پیٹ میں 68 بہترین اساتذہ کو جنہوں نے ضلع میں تعلیم کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں اور طلباء کے سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے لیے لگن سے کام کر رہے ہیں کو اعزاز سے نوازاگیا ۔تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریونیو آفیسر محترمہ راجیشوری نے کہا کہ ڈاکٹر سرو پلی رادھا کرشنن کی یوم پیدائش کی یاد میں 5 ستمبر کو یوم اساتذہ کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی سطح کے ایوارڈز ضلع کے لیے باعث فخر ہیں۔ڈی آر او راجیشوری نے نارائن پیٹ ضلع سے ریاستی بہترین استاد کا ایوارڈ حاصل کرنے والے ڈاکٹر ایم گووندراجو کو خصوصی طور پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ضلع کے لئے یہ فخر کی بات ہے کہ ریاست کے 33 اضلاع سے بہترین اساتذہ کے انتخاب کے عمل میں انہیں ریاستی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ضلع لائبریری کے چیئرمین سری وجے کمار نے کہا کہ طلبہ کی زندگیوں کو سنوارنے میں اساتذہ کا کردار بہت اہم ہے اور ان کی بے لوث خدمات معاشرے کے لیے انمول ہیں۔