مارکٹنگ کو فروغ دینے کا مشورہ، ہینڈلوم ورکرس کی مہارت کی ستائش، ایک پروگرام سے ضلع کلکٹر کا خطاب
نارائن پیٹ۔ 7 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر پرینکا نے کہا کہ ملک بھر میں جی آئی ٹیگ والی نارائن پیٹ ہینڈلوم کی ساڑیاںضلع کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ بافندگی کا پیشہ ضلع کی ایک خاص شناخت ہے اور اس عظیم روایت کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ہینڈلوم کے قومی دن کے موقع پر ضلع کلکٹر نے ہینڈلوم ٹیکسٹائل ڈپارٹمنٹ کی جانب سے نارائن پیٹ ضلع مرکز کے قریب سنگار م کراسنگ میں ووکیشنل اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر میں منعقدہ ایک پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور ہینڈلوم ورکرس کو مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع میں چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے نارائن پیٹ، کوٹاکونڈہ، جاجا پور اور دیگر علاقوں میں ہینڈلوم ساڑیوں کے بنکروں کے گھروں کا دورہ کیا اور ان کی کارکردگی کا ذاتی طور پر مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہینڈلوم ورکرز کی قابلیت اور مہارت قابل تعریف ہے اور انہوں نے ان کی بنائی ہوئی ساڑیاں بھی خریدی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہینڈلوم سیکٹر کو اس وقت بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے، لیکن نارائن پیٹ ہینڈلوم مصنوعات کی ملک اور بیرون ملک بہت مانگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نارائن پیٹ ساڑیوں کے آن لائن انڈونیشیا، ملائشیا اور دیگر ممالک سے آرڈر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مواقع کو مزید وسعت دینے کے لیے مارکیٹنگ اور ای کامرس پلیٹ فارم کو مؤثر طریقہ سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ ضلع کلکٹر نے قومی ہینڈلوم ڈے کے موقع پر منعقدہ مضمون نویسی کے مقابلوں کے جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا۔ انہوں نے کئی سینئر ہینڈلوم ورکرز کو شال سے نوازا اور ان کی خدمات کو سراہا۔اس پروگرام میں ڈی آر ڈی اے کے پی ڈی وینکٹ رامولو، میونسپل چیئرپرسن کونڈا شویتا ستیہ یادو، وائس چیئرپرسن منجولا، ہینڈلوم ٹیکسٹائل ڈپارٹمنٹ دوارک کے اسسٹنٹ ڈائرکٹر، ہینڈلوم کوآپریٹیو سوسائٹیوں کے نمائندوں، متعلقہ محکموں کے عہدیداران، خواتین کی انجمنوں کے ارکان، ہینڈلوم ورکرز اور نوجوانوں نے اس پروگرام میں شرکت کی ۔