سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت اہم اراضی کا تحفظ
حیدرآباد ۔ 6 نومبر (سیاست نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت تلنگانہ وقف بورڈ نے آج نامپلی علاقہ میں اوقافی اراضی پر غیرمجاز قبضہ کو برخاست کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیا۔ پولیس اور ریونیو حکام کے تعاون سے انہدامی کارروائی انجام دی گئی اور ملگی کا تخلیہ کرایا گیا۔ مسجد ٹیک کے قریب قبرستان میر رحمت علی شاہؒ کے تحت 988s66 مربع گز اراضی موجود ہے۔ قبرستان کے ایک حصہ پر ناجائز قبضہ کرتے ہوئے کاروبار شروع کیا گیا۔ وقف ٹریبونل نے وقف بورڈ کے حق میں فیصلہ دیا جسے ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ ہائیکورٹ نے غیرمجاز قابض کے موقف کی تائید کی۔ وقف بورڈ نے سپریم کورٹ میں خصوصی اپیل دائر کی۔ 2 رکنی بنچ نے وقف بورڈ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے اراضی حوالے کرنے قابض کو 3 ماہ کی مہلت دی تھی۔ مہلت کی تکمیل کے بعد وقف بورڈ نے پولیس اور ریونیو حکام کی مدد سے قبضہ حاصل کرلیا۔ صدرنشین محمد سلیم نے اراضی کے تحفظ کیلئے سینئر وکلاء کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت دی تھی۔ چیف ایگزیکیٹیو آفیسر شاہنواز قاسم آئی پی ایس کی ہدایت پر ڈی ایس پی خواجہ معین الدین کی قیادت میں ٹاسک فورس ٹیم نے آج اراضی کا قبضہ حاصل کرلیا۔ ٹیم میں محمد الیاس OSD، محمد اسداللہ OSD، محمد زاہد، محمد ابراہیم اور دوسرے عہدیدار شامل تھے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم اوقافی جائیدادوں کے تحفظ میں خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے عدالتوں میں زیردوران مقدمات کی مؤثر پیروی کی ہدایت دی اور کہاکہ غیرمجاز رجسٹریشن منسوخ کرانے کیلئے مہم کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی قابض عارضی طور پر برقرار رہ سکتا ہے اور وقف بورڈ پر ایک اراضی کو حاصل کرے گا۔ اس مہم میں حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔