ناگرجنا ساگر کو اہم سیاحتی مرکز کے طورپر ترقی دینے کا منصوبہ

   

واٹر اسپورٹس کے فروغ کا فیصلہ، وزیر سیاحت جوپلی کرشنا راؤ کا عہدیداروں کے ساتھ دورہ
حیدرآباد ۔یکم۔نومبر (سیاست نیوز) وزیر اکسائز و سیاحت جوپلی کرشنا راؤ نے ناگرجنا ساگر کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کیلئے حکومت کے منصوبہ پر عمل آوری کا اعلان کیا۔ وزیر سیاحت نے نلگنڈہ ضلع میں ناگرجنا ساگر پراجکٹ اور بدھاونم علاقہ میں رام چندرا مشن کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رام چندرا مشن کے صدر کملیش پاٹل اور رکن اسمبلی کے جئے ویر ریڈی کے ہمراہ علاقہ میں سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر عہدیداروں سے مشاورت کی۔ وزیر سیاحت نے کہا کہ ناگرجنا ساگر علاقہ میں سرکاری اور خانگی اشتراک سے اسٹار ہوٹل کے قیام کا منصوبہ ہے۔ اس کے علاوہ واٹر اسپورٹس کو فروغ دینے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے گی۔ ٹورازم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے مینجنگ ڈائرکٹر پرکاش ریڈی اور بدھاونم کے کنسلٹنٹ شیوا ناگی ریڈی کو ریاستی وزیر نے سیاحتی منصوبہ کی تیاری کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ممالک سے بدھ مت سے تعلق رکھنے والے افراد بدھاونم کا دورہ کرتے ہیں۔ یاتریوں کی آمد میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اطراف و اکناف کے علاقوں کا سروے کرتے ہوئے سیاحتی پراجکٹ تیار کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں سیاحت کو فروغ دینے کے اقدامات کر رہی ہے ۔ عوامی مقامات پر سیاحتی سرگرمیوں کے ذریعہ ملک اور بیرون ملک کے سیاحوں کو راغب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بدھ مت کے ماننے والوں کے لئے بعض تاریخی مقامات موجود ہیں۔ ناگرجنا ساگر ذخیرہ آب میں واٹر اسپورٹس کی سرگرمیوں کا عنقریب آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لئے خصوصی کاٹیج تعمیر کئے جائیں گے ۔ رکن اسمبلی جئے ویر نے کہا کہ ناگرجنا ساگر کو ملک کے ایک اہم سیاحتی مرکز کے طورپر ترقی دی جاسکتی ہے۔ 1