دفاعی و کمیونکیشن پراجکٹ کی افتتاحی تقریب سے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔27اگست(سیاست نیوز)وزیر اعظم نریندر مودی کی زیرقیادت ہندوستان نہ صرف ایک طاقتور ملک کی حیثیت سے ابھرا ہے بلکہ ہندوستان کی دفاعی صلاحیتیں بھی مضبوط ہوئی ہیں اور نریندر مودی نے ملک کی سالمیت اور سکیورٹی دستوں کی مناسب طریقوں سے استحکام کو یقینی بنایا ہے۔ مرکزی مملکتی برائے داخلی امورمسٹر جی کشن ریڈی نے اسٹرا اور رافائیل کے اشتراک سے حیدرآباد کے مہیشوروم میں شروع کئے گئے دفاعی اور کمیونکشن پراجکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران ان خیالات کااظہار کیا۔اسرائیلی سفیر متعین نئی دہلی روان مالکا‘صدر اور سی ای او رافائیل اڈوانس ڈیفنس سسٹم لمٹیڈیووان ہار ایوان‘ پرنسپل سکریٹری حکومت تلنگانہ برائے انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی جیش رنجن ائی اے ایس کے علاوہ ایم ڈی ایسٹرا مائیکرو پروڈکٹ لمیٹیڈ ایس گروناتھ ریڈی بھی ا س تقریب میںموجود تھے۔اسرائیلی وفد کا حیدرآباد میںاستقبال کرتے ہوئے مملکتی وزیرکشن ریڈی نے کہاکہ ہندوستان اور اسرائیل کے مابین پچھلے 26سالوں سے بہتر تعلقات ہیں اور ہندوستان کے دفاعی نظام کو مستحکم بنانے میںاسرائیل کے تعاون کو بھی فراموش نہیں کیاجاسکے گا۔انہوں نے مزیدکہاکہ کیونکہ ہندوستان عالمی لیڈر کے طور پر ابھر رہا ہے تو یہ کافی اہم ہوجاتا ہے کہ دنیاکی مزید حفاظتی ضرورتوں میںتعاون کیاجائے۔کشن ریڈی نے کہاکہ ہندوستان کو عصری سطح پر اونچے مقام پر پہنچنے میں خانگی شعبہ کا بھی کافی اہم رول ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ اسی وجہہ سے خانگی اور سرکاری شعبہ جات میں100فیصد بیرونی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کا کام بھی مودی حکومت نے کیا ہے۔ ماضی میںخانگی شعبوں کو ترمیمات اور اعلامیہ کے ذریعہ نظر انداز کرنے کاکام کیاجاتا رہا ہے ۔ مگر مودی حکومت نے اس سلسلہ کو اب ختم کردیاہے۔دفاعی شعبہ کو مستحکم بنانے کے لئے حکومت ہند کی پالیسیوں کاذکر کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہاکہ 49فیصد راست ایف ڈی ائی دفاعی شعبہ میں یقینی بنائی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ دفاعی سازوسامان میں برآمدت کے لئے ان لائن عمل اورصنعتی لائسنس کی اجرائی کا ازسر نوجائزہ لیاجارہا ہے ۔سفیر اسرائیل متعین دہلی روان مالکا نے کہاکہ یہ بہت خوشی کی بات ہے کہ ہندوستان دفاعی شعبہ میں عالمی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے نریند رمودی حکومت کی خارجی پالیسیوں کی ستائش کی اور کہاکہ بیرونی سرمایہ کاری کے لئے راہ ہموار کرتے ہوئے حکومت ہند نے ملک کے دفاعی نظام کو مضبوط او رمستحکم بنانے کے جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ قابل تقلید ہیں۔انہوں نے کہاکہ اسٹرو کا شمار سافٹ ویر تیارکرنے والے عظیم اداروں میںہے اور رافائیل اڈونس ڈیفنس سسٹم سے اس کا اشتراک ہندوستان کے دفاعی شعبہ میںایک نئی تاریخ کی شروعات ہوگی۔ جیش رنجن نے کہاکہ تلنگانہ میں رافائیل کی یہ دوسری سرمایہ کاری ہے ۔ اس سے قبل کلیانی کے ساتھ ملکر رافائیل نے سرمایہ کاری کی تھی اواب اسٹروکے ساتھ سرمایہ کاری سے ریاست میںملازمتوں کے ایک نئے باب کی شروعات ہوگی۔ایم ڈی اسٹرا مائیکرو پروڈاکٹ ایس گروناتھ ریڈی نے اسٹر و کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور رافائیل کے ساتھ اشتراک کو ایک تاریخی قدم قراردیا۔