ناگویا، 25 ستمبر (آئی اے این ایس) ایشین گیمز میں ہندوستانی نشانہ بازوں ایشوریہ پرتاپ سنگھ تومر، نیرج کمار اور ردرانکش پاٹل نے مردوں کے 50 میٹر رائفل 3 پوزیشنز ٹیم مقابلے میں سلور میڈل جیت لیا۔ہندوستانی ٹیم نے فائنل میں مجموعی طور پر 1762-94x پوائنٹس حاصل کرکے دوسرا مقام حاصل کیا۔ چین نے 1766-95x کے ساتھ گولڈ میڈل جبکہ جنوبی کوریا نے1751-87x کے ساتھ برونز میڈل جیتا۔ ہندوستان کے لیے ایک اور خوشی کی بات یہ رہی کہ ایشوریہ اور نیرج نے انفرادی فائنل کے لیے بھی کوالیفائی کرلیا۔اس کامیابی سے ایک اور میڈل کی اُمید بڑھ گئی ہے ۔
نشانے بازوں کی سنہری کامیابی قابل تعریف :دیو
ناگویا، 25 ستمبر (آئی اے این ایس) نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا (این آر اے آئی) کے صدر کالیکیش سنگھ دیو نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم میں گولڈ میڈل جیتنے پر ہندوستانی نشانہ بازوں کی تعریف کی ہے۔سرْچی اندر سنگھ اورکمل جیت نے فائنل میں484.6 پوائنٹس کے ایشین ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیت کر ایشین گیمز میں ہندوستان کو دوسرا گولڈ میڈل دلایا۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔کالیکیش سنگھ نے کہا کہ مردوں اور خواتین کے 10 میٹر پسٹل ٹیم اور انفرادی مقابلوں میں مایوس کن کارکردگی کے بعد سرْچی اور کمل جیت نے ایشین ریکارڈ اورگولڈ میڈل کے ساتھ شاندار واپسی کی ہے۔ ہندوستانی شوٹنگ ٹیم کے مزید کئی مقابلے باقی ہیں اور انہیں امید ہے کہ ہندوستان مزید میڈلس حاصل کرے گا۔