نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم کوسوشل میڈیا پر قتل کی دھمکیاں

,

   

ویلنگٹن 22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کو سوشل میڈیا پر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے جسکی پولیس چھان بین کر رہی ہے ۔یہ اطلاع نیوزی لینڈ ہیرالڈ نے دی ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کو ٹوئٹر پر اس سرخی کیساتھ ایک بندوق کی تصویر بھیجی گئی ہیکہ اب ’آپ کی باری ہے‘۔پولیس کے مطابق یہ دھمکی آمیز پوسٹ 48 گھنٹے تک سوشل میڈیا پر موجود رہا۔ مختلف لوگوں کی جانب سے اطلاع ملنے کے بعددھمکی دینے والے شخص کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا۔ ایک دوسرے پوسٹ میں جیسنڈ آرڈرن اور نیوزی لینڈ پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے پوسٹ کی گئی دیگر تصویر میں ’اگلی باری آپ کی‘لکھا ہوا تھا۔ معطل کردہ اکاؤنٹ پر اسلام مخالف مواد اور نفرت انگیز سفید فام تقاریر موجود تھیں۔پولیس کی ایک خاتون ترجمان نے ہیرالڈ کو بتایا کہ پولیس کو ٹوئٹر پر سامنے آنے والے تبصروں کا علم ہے اور چھان بین کی جارہی ہے ۔ ایک ٹوئٹر ترجمان نے کہا کہ چھان بین میں پولیس کیساتھ تعاون کیا جا رہا ہے ۔اس وحشیانہ حملہ کی دنیا بھر میں مذمت کا سلسلہ جاری ہے اور ایک طرف اسلام اور مسلمانوں سے عالمی برادری اظہاریگانگت کررہی ہے اس کے برخلاف چند نفرت پرست عناصر اشتعال انگیزی اور دھمکیوں میں ملوث ہورہے ہیں۔