ورنداون کشتی حادثہ : لاپتہ پانچ افراد کی تلاش دوسرے دن بھی جاری

   

متھرا۔ 11 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش میں متھرا کے ورنداون علاقہ میں جمنا ندی میں کشتی الٹنے سے لاپتہ 5مسافروں کی تلاش ابھی بھی جاری ہے ۔ جمعہ کی دوپہر کے حادثے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد سمیت دس افراد کی موت ہو گئی۔ ہفتہ کو دوسرے روز بھی فوج، این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ ورنداون جمنا ندی حادثہ میں اب تک 10 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ، جب کہ 22 کو بچا لیا گیا ہے ۔ 5 لاپتہ افراد کی تلاش کا آپریشن تاحال جاری ہے ۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے سات افراد، جن میں ماں۔بیٹا، چچا ۔ چچی اور پھوپھی ۔ پھوپھا شامل ہیں، جن کا تعلق لدھیانہ کے جگراون سے ہے ۔ فوج، این ڈی آر ایف، ان کی آٹھ کشتیوں، ایس ڈی آر ایف، اس کی پانچ کشتیاں اور پی اے سی سمیت 250 افراد پر مشتمل ریسکیو ٹیم دن رات تلاشی مہم میں مصروف ہے ۔ حادثے میں بچ جانے والے عینی شاہدین کے مطابق، عقیدت مندوں سے بھری کشتی جمعہ کی سہ پہر تین بجے کے قریب جگل گھاٹ سے روانہ ہوئی۔ ساحل سے تقریباً 50 فٹ دورجمنا کے بیچ میں 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں کی وجہ سے کشتی ڈگمگانے لگی۔عقیدت مندوں نے ملاح سے کشتی روکنے کی التجا کی تھی، کیونکہ آگے پیپا پل (پانٹون پل) تھا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشتی دو بار ٹکراتے ٹکراتے بچی، لیکن تیسری مرتبہ پل سے زوردار ٹکر ہوگئی اور کشتی 25 فٹ گہرے پانی میں الٹ گئی۔تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ملاح پپو نشاد نے کسی بھی یاتری کو لائف جیکٹ فراہم نہیں کی تھی۔ W/F