ہائی ٹیک سٹی میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ، خانگی ہاسپٹل کا افتتاح کریں گے
حیدرآباد7 مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے 10 مئی کو دورہ حیدرآباد کا شیڈول جاری کردیا گیا ۔ مودی 10 مئی کی دوپہر 2.50 بجے بنگلور سے بیگم پیٹ ایرپورٹ پہنچیں گے۔ وہاں سے ایچ آئی سی سی پہنچ کر مختلف ترقیاتی پراجکٹ کا سنگ بنیاد اور آغاز کریں گے ۔ وزیراعظم ہائی ٹیک سٹی میں ہاسپٹل کا افتتاح انجام دیں گے۔ شام 6.30 تا 7.30 بجے مودی پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر بی جے پی جلسہ میں شرکت اور خطاب کریں گے۔ جلسہ کے بعد وزیراعظم گجرات کے جام نگر روانہ ہوں گے۔ تلنگانہ حکومت سے وزیراعظم کا سرکاری طور پر استقبال کیا جائے گا اور توقع ہے کہ ترقیاتی کاموں کے آغاز پر چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراء شرکت کریں گے۔ اسی دوران بی جے پی نے پریڈ گراؤنڈ کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے تیاریوں کا آغاز کردیا ۔ چار ریاستوں کے اسمبلی چناؤ کے نتائج کے پس منظر میں بی جے پی کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں۔ آسام اور مغربی بنگال میں بی جے پی کی کامیابی کے جشن کو جلسہ عام کی کامیابی کے طور پر منایا جائے گا۔ صدر ریاستی بی جے پی رامچندر راؤ کے علاوہ مرکزی وزراء کشن ریڈی اور بنڈی سنجے جلسہ کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیراعظم بیگم پیٹ ایرپورٹ سے ایچ آئی سی سی ہیلی کاپٹر میں سفر کریں گے اور ہیلی کاپٹر سے ہی واپسی ہوگی۔ تلنگانہ میں بی جے پی کے استحکام کیلئے نریندر مودی کی جانب سے عہدیداروں کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جانے کا امکان ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرپورٹ پر وزیراعظم بی جے پی قائدین سے ملاقات کریں گے ، جن میں ارکان ارلیمنٹ اور اسمبلی شامل ہوں گے ۔ گریٹر حیدرآباد و سائبر آباد اور ملکاجگری کارپوریشنوں کے مجوزہ انتخابات میں بی جے پی کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے وزیراعظم کے جلسہ میں حیدرآباد اور رنگا ریڈی سے بڑی تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جائیگا۔ وزیراعظم کا خطاب تلنگانہ کے پس منظر اہمیت کا حامل رہے گا۔ بی جے پی قائدین کے مطابق وزیراعظم مرکز سے تلنگانہ کو دیئے گئے فنڈس کی تفصیلات جاری کریں گے۔ 1/k