ووٹ چوری کے خلاف کانگریس کا احتجاج جاری ‘ اپوزیشن ایم پیز کی شرکت

   

ظہرانہ کے بعد گاندھی جی کی سمادھی پہونچے اپوزیشن قائدین ۔ گیانیش کمار کے استعفی کے مطالبہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں

نئی دہلی 8 اکٹوبر ( ایجنسیز ) اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف آج تیسرے دن بھی احتجاج درج کروایا گیا ۔ کانگریس کی جانب سے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کیلئے دہلی کی معروف ریسٹورنٹ میں ظہرانہ کا اہتمام کیا گیا تھا اور وہاں سے یہ لوگ گاندھی جی کی سمادھی راج گھاٹ پہونچے تھے ۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی جانب سے کناٹ پیلس کے ایک ہوٹل میں انڈیا اتحاد کے ارکان پارلیمنٹ کیلئے لنچ کا اہتمام کیا گیا ۔ یہاں بسیں تیار تھیں۔ ان بسوں کے ذریعہ ان ارکان پارلیمنٹ کو راج گھاٹ کیلئے روانہ کیا گیا تھا ۔ راہول گاندھی نے ظہرانہ کے بعد کہا کہ راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے تقریبا 300 ارکان پارلیمنٹ پرامن احتجاج کرنا چاہتے ہیں۔ گذشتہ دو دن سے ہمیں احتجاج کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے ۔ پہلے دن ہم کو الیکشن کمیشن کے روبرو ہی روکا گیا ۔ اس کے بعد ہم نے کہا کہ ہم جنتر منتر پر احتجاج کیلئے جانا چاہتے ہیں۔ تاہم کل بھی ہمیں روک دیا گیا اور ہمارے لوگوں کو زد و کوب کیا گیا ۔ ایسا کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کیا جائے گا ۔ یہ ہماری ضمانت ہے ۔ آپی دیکھیں گے کہ ان چاروں افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لا کھڑا کریں گے ۔ مسٹر کھرگے نے بتایا کہ یہ ارکان پارلیمنٹ گاندھی اسمارک پر احتجاج کر رہے ہیں۔ گذشتہ دن احتجاج کے پیش نظر دہلی پولیس نے سکیوریٹی کے وسیع تر انتظامات کئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن ہیڈکوارٹرس کے اطراف سکیوریٹی کو سخت کردیا گیا ہے ۔ دہلی میں گیانیش کمار کے گھر کے باہر اضافی سکیوریٹی متعین کردی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ گیانیش کمار کے سکیوریٹی عملہ کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں کے ارکان آج راج گھاٹ پہونچے تھے اور وہاں انہوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف اپنا احتجاج درج کروایا ۔ یہاں کچھ دیر بیٹھنے کے بعد وہ وہاں سے روانہ ہوگئے ۔ گذشتہ دو دن سے ان ارکان کا راہول گاندھی کی قیادت میں پولیس کے ساتھ مسلسل ٹکراؤ ہو رہا تھا اور لگاتار دو دن بھی راہول گاندھی و پرینکا گاندھی کو پولیس نے حراست میں لیتے ہوئے دوسری جگہ منتقل کردیا تھا ۔ اپوزیشن ارکان جمعہ کو اس سلسلہ میں صدر جمہوریہ ہند شریمتی دروپدی مرمو سے ملاقات کا منصوبہ رکھتے ہیں تاہم ابھی راشٹرپتی بھون سے ملاقات کا وقت طئے نہیں کیا گیا ہے ۔