حیدرآباد20اپریل (سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکانند ریڈی قتل کیس میں گرفتار وائی ایس بھاسکر ریڈی اور ویویکانند ریڈی کے پرسنل اسسٹنٹ کرشنا ریڈی کی درخواستوں کی آج تلنگانہ ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی ۔ دستگیری کو گواہ معافی یافتہ قرار دینے پر دونوں نے مخالفت کی ہے۔ درخواست گزاروں کے وکلاء نے اپنے دلائل پیش کئے جس پر عدالت نے دستگیری کو جواب داخل کرنے کی نوٹس جاری کی ہے۔ اس مقدمہ کی آئندہ سماعت جون کے تیسرے ہفتہ میں ہوگی۔ واضح رہے کہ اس کیس کے اہم ملزم دستگیری نے خود کو گواہ معافی یافتہ بنانے کی تحقیقاتی عہدیداروں سے خواہش کی تھی جس کے بعد اسے گواہ معافی یافتہ بنایا گیا ۔ قتل معاملہ میں دستیگیری نے کئی سنسنی خیز انکشاف کئے ہیں۔ر
اورنگ آبادمیں تلنگانہ کی ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر بیداری
حیدرآباد۔ 20اپریل( یواین آئی ) مہاراشٹرا اورنگ آباد کے تمام حلقوں میں تلنگانہ کی ترقیاتی و فلاحی اسکیمات کے بارے میں بیداری پیدا کی جارہی ہے ۔اس سلسلہ میں ضلع میں گاؤں گاؤں گاڑیاں گھوم رہی ہیں جس میں تلنگانہ کے فلاحی کاموں اور ترقیاتی سرگرمیوں کااحاطہ کیاجارہا ہے ۔ ر کن اسمبلی جیون ریڈی نے جمعرات کو اورنگ آباد میں ہونے والے بی آر ایس جلسہ عام کی کامیابی کیلئے وسیع انتظامات کے تحت اس مہم کا آغاز کیا۔ جیون ریڈی نے تلنگانہ ماڈل کی وضاحت کرنے والے وال پوسٹروں کو جاری کیا ۔