تجرباتی مراحل کی تکمیل ۔ گلوکوز اور پانی فراہم کرنے کے اقدامات بھی زیر غور
حیدرآباد 20 جنوری (یواین آئی) ٹریفک پولیس ملازمین ہر وقت ٹریفک کو باقاعدہ بنانے اپنے فرائض سرانجام دیتے ہیں۔ فضائی اور صوتی آلودگی کے درمیان ٹریفک کو کنٹرول کرنے کا کام کرتے ہیں ۔ حیدرآباد پولیس کمشنریٹ کے ٹریفک پولیس ملازمین کو راحت دینے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ توقع ہے کہ ان کیلئے جلد ہی اے سی ہیلمٹ دستیاب کروائے جائیں گے ۔دونوں شہروں میں گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ ہوتاجارہا ہے ۔حیدرآباد شہر میں تقریبا 80لاکھ گاڑیوں کی نقل وحرکت سڑکوں پر ہوتی ہے ۔ ان میں بائیکس کی تعداد 57لاکھ ہے ۔بقیہ گاڑیوں میں کاریں، بسیں اوردیگر گاڑیاں ہیں۔ان کے ساتھ نئی گاڑیاں بھی سڑکوں پر نظرآرہی ہیں۔حیدرآباد کمشنریٹ کے حدود میں عموما صبح اور شام کے اوقات میں ٹریفک زیادہ ہوتی ہے ۔ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک جام کے نتیجہ میں ٹریفک کو باقاعدہ بنانے والے ٹریفک ملازمین پولیس کو مشکل صورتحال کاسامنا کرناپڑتا ہے ۔ان کو گاڑیوں کے دھوئیں سے کئی مسائل کا سامنا کرناہوتا ہے ۔قبل ازیں اعلی عہدیداروں کی جانب سے منعقدہ ہیلت کیمپس میں ٹریفک عملہ کو بعض مسائل کا سامناکرناپڑاجس پر ان مسائل کو دور کرنے عہدیداروں نے اقدامات کئے ۔اسی کے حصہ کے طور پر ٹریفک پولیس ملازمین کو اے سی ہیلمٹ فراہم کرنے پر غورکیاجارہا ہے ۔ آئندہ موسم گرما کے پیش نظرٹریفک عملہ کو دشواریوں سے بچانے کیلئے یہ قدم اٹھایاجارہا ہے ۔ان انوکھی ہیلمٹس کا تجربہ مکمل کرلیاگیا ہے ۔ساتھ ہی ٹریفک ملازمین کیلئے پینے کا پانی، گلوکوزبھی موسم گرما میں فراہم کیاجائے گا۔حیدرآباد کمشنریٹ کے چارزونس میں اے سی ہیلمٹ کا تجربہ کیاگیا۔استعمال کرنے والے عملہ کی رائے لی جارہی ہے ۔ رائے کی بنیاد پر تبدیلی اور ترمیم کرکے اے سی ہیلمٹس کو دستیاب کروانے کا کام کیاجائے گا۔