ممبئی : آئین ہند کے معمارڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کے پوتے ایڈوکیٹ پرکاش بالا صاحبب امبیڈکر کی قیادت والی سیاسی پارٹی ونچت بہوجن آگھاڑی کی ممبئی کمیٹی اور مسلم آگھاڑی کی مشترکہ میٹنگ ہو ئی جس کے دوران شرکاء نے کہا کہ ملک میں امن وسلامتی، قومی یکجہتی اور باہمی عزت ومحبت کو ہمیشہ قائم رکھنے کے لئے پیغمبر محمدؐ بل کا نافذ ہونا ضروری ہے۔اس میٹنگ کی صدارت مہاراشٹرا کی پارٹی صدر ریکھاتائی ٹھاکر نے کی۔ ممبئی اور مہاراشٹرا کے مختلف حصوں سے ذمہ داران نے شرکت کی۔ابتدائی تقریر میں مولانا محمد عباس رضوی (ترجمان رضا اکیڈمی، ممبئی) نے کہا کہ جس طرح مسلمانوں نے ہزار رکاوٹوں کے باوجودڈاکٹر بھیم راؤ بابا صاحب امبیڈکر کاساتھ دے کر ان کو ان کاجائز مقام دلایا اور پورے ملک کو ایک جمہوری دستور نصیب ہوا۔اسی طرح آج ضرورت ہے کہ بابا صاحب کے پوتے ایڈوکیٹ پرکاش امبیڈکر کا بھی مسلمان ساتھ دیں تاکہ ہمارے ملک میں فتنہ وفساد کرنے والوں کو ان کے ٹھکانے تک پہنچا دیا جائے ۔ مفتی محمد منظر حسن خان اشرفی مصباحی نے کہا کہ ملک کی سالمیت اور بقا کیلئے انفرادی طور پر کئی لوگ کام کر رہے ہیں وہ سب مبارکباد دیئے جانے کے قابل ہیں لیکن ہمیں خوشی ہے کہ کام کرنے والوں کیلئے ایک پلیٹ فارم تیار ہو چکا ہے جس پر اجتماعی طور پر کام شروع ہو چکا ہے ۔