چنڈی گڑھ میں وزیر اعلیٰ مان کے کیمپ آفس پر سی بی آئی کا چھاپہ

   

چنڈی گڑھ، 6 اکتوبر (یو این آئی) سی بی آئی نے آج چیف منسٹر پنجاب بھگونت مان کے چنڈی گڑھ کیمپ دفتر اور چیف منسٹر کے دفتر سے وابستہ اعلیٰ عہدیدار کے ٹھکانوں سمیت متعدد مقامات پر چھاپے مار کر تلاشی لی۔یہ کارروائی پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ کی جانب سے چیف منسٹر کے دفتر سے جڑے مبینہ بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات سی بی آئی کو سونپے جانے کے محض ایک دن بعد عمل میں آئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق سی بی آئی کی یہ چھاپہ مار کارروائی سیکٹر 2 واقع چیف منسٹر کیمپ آفس، چیف منسٹر کے او ایس ڈی راج بیر سنگھ گھمن کی ضلع سنگرور کے گھراچوں میں رہائش گاہ اور موہالی میں ایک قریبی رشتہ دار کے احاطے میں کی گئی۔ تلاشی کے دوران سی آر پی ایف جوان بھی تعینات رہے ۔یہ معاملہ ای ڈی کی جانب سے ڈائرکٹر جنرل پولیس پنجاب کو ارسال مکتوبات میں مبینہ بدعنوانی کے الزامات سے متعلق ہے ۔ ان میں سرکاری تبادلوں اور تقرریوں میں مبینہ لین دین، من پسند پالیسی سازی و ٹنڈرز، سرکاری دستاویزات تک غیر مجاز رسائی اور اسلحہ لائسنس کے اجرا سے متعلق الزامات شامل ہیں۔ہائی کورٹ نے 5 اکتوبر کو سی بی آئی کو مجرمانہ مقدمہ درج کر کے باقاعدہ جانچ شروع کرنے اور دو ماہ میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ دریں اثنا، پنجاب حکومت نے ہائی کورٹ کے فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ چیف منسٹر بھگونت مان نے سی بی آئی کی کارروائی کو خالص سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ بی جے پی آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر ای ڈی اور سی بی آئی کے ذریعے ان کی اور پنجاب حکومت کی شبیہ کو داغدار کرنے کی کوشش کر رہی ہے ۔