عثمانیہ اور ورنگل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کی جلد تکمیل ، ڈاکٹرس اور طبی عملے کی فوری بھرتی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 3 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں تعلیم اور صحت عامہ کے شعبوں کو معاشی و سماجی ترقی کا محور بناتے ہوئے ان میں جامع اصلاحات پر خصوصی توجہ مرکوز کی ہے ۔ اس سلسلے میں چیف منسٹر نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں زیر تعمیر ہاسپٹلس کی پیشرفت ، طبی عملے کے تقررات ، موسمی بیماریوں کی روک تھام اور فیوچر سٹی میں منعقد ہونے والی باوقار عالمی سمٹ کی تیاریوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ چیف منسٹر نے ریاست کے مختلف حصوں میں زیر تعمیر سرکاری سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کے تعمیری کاموں کی رفتار پر دریافت کرتے ہوئے ایل بی نگر اور الوال میں قائم کئے جانے والے ہاسپٹلس کے کاموں میں مزید تیزی لانے کی سخت ہدایت دی ۔ ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل اور ورنگل سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹل کی جدید تعمیرات کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر ہر حال میں مکمل کیا جائے ۔ ریونت ریڈی نے احکامات جاری کئے کہ نئے سوپر اسپیشالیٹی ہاسپٹلس کی عمارتوں کی تکمیل کا انتظار کئے بغیر ضروری ڈاکٹرس ، نرسنگ اسٹاف اور پیرا میڈیکل عملے کی بھرتی کا عمل پہلے سے ہی شروع کردیا جائے تاکہ عمارت تعمیر ہوتے ہی ہاسپٹل مکمل طور پر فعال ہوسکیں ۔ انہوں نے ان ہاسپٹلس کے لیے عالمی معیار کے جدید ترین طبی آلات اور مشنری کی خریدی کے عمل کو بھی ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کی ہدایت دی ۔ موجودہ موسم میں پھیلنے والے بخار اور دیگر وبائی امراض کے پیش نظر انہوں نے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ پر رہنے اور تمام سرکاری ہاسپٹلس میں ادویات اور بیڈس کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے ایک اہم انتظامی فیصلہ لیتے ہوئے تمام اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ صرف اپنے دفاتر تک محدود نہ رہے ۔ تمام کلکٹرس ، سرکاری اسکولس ، سوشیل ویلفیر ہاسٹلس اور ہاسپٹلس کا دورہ کریں اور وہاں کے حالات و سہولیات کا موقع پر جائزہ لیں ۔ تعلیمی و طبی امور کے ساتھ ساتھ چیف منسٹر نے ریاستی حکومت کے زیر اہتمام دسمبر کے دوران فیوچرسٹی میں منعقد ہونے والے عالمی سربراہی اجلاس (گلوبل سمیٹ ) کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے عہدیداروں کو عالمی سطح کی اس کانفرنس کے لیے جامع اور شاندار منصوبے تیار کرنے کا حکم دیا ۔۔ 2/m/b