چیف منسٹر کابینی رفقاء، اراکین اسمبلی و دیگر قائدین کے ساتھ لندن روانہ

   

اکبرالدین اویسی کی دختر بیرسٹر فاطمہ اویسی کی نکاح کی تقریب میں شرکت

حیدرآباد۔20۔اگسٹ(سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اپنے بعض کابینی رفقاء ‘ اراکین اسمبلی اور دیگر قائدین کے ہمراہ لندن میں قائد ایوان مقننہ مجلس پارٹی جناب اکبر الدین اویسی کی دختر بیرسٹر فاطمہ اویسی کی نکاح کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹرتلنگانہ جو کہ 10 یوم طویل دورہ پر برطانیہ اور امریکہ کے دورہ کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔بتایاجاتاہے کہ چیف منسٹر اپنے دورۂ لندن کے دوران بیرسٹرفاطمہ اویسی کے نکاح کی تقریب میں شرکت کریں گے۔وزیر اقلیتی بہبود تلنگانہ جناب محمد اظہر الدین بھی شادی میں شرکت کے لئے لندن پہنچ چکے ہیں اس کے علاوہ کئی ارکین اسمبلی ‘ قانون ساز کونسل اور سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے قائدین لندن میں ہیں جو کہ اکبر الدین اویسی کی دختر کی شادی کی تقریب جو لندن میں منعقد ہورہی ہے اس میں شرکت کریں گے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے دورہ برطانیہ ‘ لندن و امریکہ کے پروگرام میں جناب اکبر الدین اویسی کی دخترکے نکاح میں شرکت کو شامل نہیں کیاگیا ہے لیکن کہا جارہا ہے کہ وہ اس تقریب میں شرکت کے علاوہ لندن میں فٹ بال میچ کا بھی مشاہدہ کریں گے۔بتایا جاتاہے کہ لندن میں منعقد ہونے والے اس ہائی پروفائیل شادی کی تقریب میں شہر حیدرآباد کی کئی سربرآوردہ شخصیات کے علاوہ کانگریس پارٹی کے کئی سرکردہ قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے جن میںبیشتر قائدین و شخصیات لندن پہنچ چکی ہیں جو کہ شادی کی تقریب میں شرکت کریں گی۔3