ڈاکٹر عبداللہ امتیاز احمد ممبئی یونیورسٹی کے نئے صدر شعبۂ اُردو

   

ممبئی ۔ ڈاکٹر عبداللہ امتیازاحمد نے صدر شعبہ اردو، ممبئی یونیورسٹی کی حیثیت سے بروز پیر 10اگست 2020ء کو چارج سنبھال لیا ہے۔1975کو اعظم گڑھ کے موضع خالص پور(نزد محی الدین پور اور شیخو پور)کے ایک زمیندار علمی و ادبی گھرانے میں پیدا ہونے والے ڈاکٹر عبداللہ کی ابتدائی تعلیم وطن میں ہوئی۔ 1986میں ممبئی آئے اور آٹھویں جماعت تک کی تعلیم انجمن خیرالاسلام، گھاٹ کوپر ممبئی سے حاصل کرنے کے بعد ہائی اسکول اور انٹرمیڈیٹ شبلی کالج اعظم گڑھ سے کیا۔ 1997میں کرسچین کالج الہ آباد سے اُردو اور تاریخ میں بی۔اے کیا پھر جواہر لال نہرو یونیورسٹی دہلی سے 1999ء میں ایم اے اور 2001ء میں ایم فل کیا۔ایم فل کے مقالے کا عنوان ’’سید سلیمان ندوی کی سوانح نگاری حیاتِ شبلی کی روشنی میں‘‘۔ یہ مقالہ اُردو کے معروف اسکالر اور ماہر لسانیات پروفیسر نصیر احمد خان کی نگرانی میں تکمیل پایا۔ 2010میں عنوانِ مقالہ ’’آزادی کے بعد اُردو ہندی کے ادبی ناول کا تحقیقی و تنقیدی مطالعہ‘‘ ، زیرِ نگرانی پروفیسر صاحب علی ، پر ممبئی یونیورسٹی نے انھیں پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی۔ ممبئی یونیورسٹی، شعبۂ اُردو میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ان کا تقرر 2012ء میں ہوا، اس وقت سینئر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر فائز ہیں۔