کانگریس کی حکومت ناکام ، بدامنی اور منافرت کے ماحول کا فروغ ، بی آر ایس لیڈر کا الزام
حیدرآباد۔یکم۔نومبر۔(سیاست نیوز) کارگذار صدر بھارت راشٹرسمیتی مسٹر کے ٹی راما راؤ جلد ہی تلنگانہ میں پدیاترا کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کریں گے۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے گذشتہ یوم #AskKTR کے ذریعہ عوام کے X پر کئے جانے والے سوالات کا راست جواب دیتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ بی آر ایس نے بالخصوص بی آر ایس سربراہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے کانگریس حکومت کو ایک سال کا موقع دیا ہے تاکہ کانگریس نے جو وعدہ عوام کے ساتھ کئے تھے ان پر عمل آوری کو یقینی بناسکے اور اس مدت کے دوران کانگریس نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام حکومت سے بدظن ہوچکے ہیں اور مسلسل بی آر ایس کو تمام شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والوں سے شکایات موصول ہو رہی ہیں لیکن بی آر ایس نے مصلحت سے کام کرتے ہوئے حکومت کو ایک سال کی مہلت دی ہے اور 2025 میں پارٹی سربراہ کے چندرشیکھر راؤ عوامی زندگی میں دوبارہ سرگرم ہوں گے۔ انہوں نے X سابقہ ٹوئیٹر پر کئے گئے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر ان کی سرجری کے بعد خود کو محدود کئے ہوئے ہیں لیکن مکمل طور پر صحتمند ہیں۔کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ جلد ہی وہ تلنگانہ بھر میں پدیاترا منعقد کرتے ہوئے عوامی شکایات کی سماعت کریں گے اور ان کے حل کے لئے حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ انہوں نے اس آن لائن سوال جواب کے دوران ملک میں یکساں انتخابات کو ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی حکومت کی جانب سے قانون سازی کے لئے بل پیش کئے جانے کے بعد اپنا موقف ظاہر کرے گی۔ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ ریاست میں 10ماہ کے دوران کوئی گرانقدر کارنامہ حکومت کی جانب سے انجام نہیں دیا گیا جس کی تعریف کی جاسکے ۔انہو ںنے ریاستی حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بدامنی اور منافرت کے علاوہ ریاست کے دارالحکومت میں ایک ماہ کے لئے امتناعی احکامات جاری کئے جانے سے صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔3