کانگریس کا 5 اضلاع میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسوں کا فیصلہ

   

24 اپریل کو کھمم سے آغاز ، نلگنڈہ قائدین کے رویہ پر انچارج سکریٹری کی برہمی
حیدرآباد۔20۔اپریل (سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے تلنگانہ میں بیروزگار نوجوانوں کے مسائل اور پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں احتجاجی جلسوں کو قطعیت دی ہے۔ نلگنڈہ ضلع میں 21 اپریل کو مجوزہ جلسہ عام پارٹی قائدین کے اختلافات کے پیش نظر ملتوی کردیا گیا ۔ ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے 21 اپریل کو اپنی دیگر مصروفیات کا حوالہ دیتے ہوئے جلسہ عام کو ملتوی کرنے کی خواہش کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ سے مشاورت کے بغیر ہی تاریخ طئے کردی گئی ۔ جس پر انہوں نے اعتراض کیا۔ کانگریس کے تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے نے ارکان پارلیمنٹ کے رویہ پر ناراضگی جتائی اور ریاست میں 5 عام جلسوں کے انعقاد کا اعلان کیا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی اور دوسروں سے مشاورت کے بعد 24 اپریل تا یکم مئی 5 اضلاع میں بیروزگار نوجوانوں کے جلسوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ۔ 24 اپریل کو کھمم میں ریالی اور جلسہ عام ہوگا۔ سابق مرکزی وزیر رینوکا چودھری کو اس پروگرام کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ 26 اپریل کو عادل آباد ، 28 اپریل نلگنڈہ ، 30 اپریل محبوب نگر اور یکم مئی کو رنگا ریڈی میں عام جلسے منعقد ہوں گے۔ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں کانگریس نے احتجاجی لائحہ عمل طئے کیا ہے ۔ عام جلسوں میں صدر پردیش کانگریس اور انچارج سکریٹری کے علاوہ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، ارکان پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، وینکٹ ریڈی ، رکن کونسل جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی ، ورکنگ پریسیڈنٹ اور دیگر قائدین شرکت کریں گے۔ متعلقہ اضلاع کے ضلع کانگریس صدور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ سینئر قائدین سے مشاورت سے انتظامات کو قطعیت دیں۔ر