کے پی ٹی ایس میں ڈسمبر کے بعد برقی پیداوار روک دینے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 17؍ نومبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ جینکو انتظامیہ کتہ گوڑم ضلع کے پالونچہ میں پائے جانے والے کتہ گوڑم تھرمل پاور پلانٹ تعمیر کرنے پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے نئے برقی پیداواری پلانٹ کے قیام پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہے ۔ بتایا جاتاہے کہ انتہائی عصری آلات پر مبنی پلانٹ کی تعمیر پر جینکو‘ سوپر کریٹیکل الٹرا یونٹس کے قیام پر گذشتہ دن سروے بھی انجام دیا گیا ۔ کے ٹی پی ایس کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ اور کہاکہ سال 1966-78 کے دوران تعمیر کردہ کے ٹی پی ایس او اینڈ ایم 720 میگاواٹس پلانٹ میں اس سال 31 ؍ڈسمبر تک برقی پیداوار کو روک دینے کی ضرورت ہے ۔ اور پھربعدازاں اس برقی پلانٹ کو مکمل طور پر منہدم کیا جائیگا ‘ اور اس پلانٹ کے مقام پر ہی ایک نئے پلانٹ کی تعمیر کے لئے بی ایچ ای ایل اور جینکو نے مشترکہ طور پر سروے کا کام انجام دیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ موجودہ پلانٹ کو بند کر دینے کے بعد اس پلانٹ کو منہدم کئے بغیر ہی نئے تعمیر کئے جانے والے برقی پلانٹ کے تعلق تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ بالخصوص کولنگ ٹاور کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ دن انجام دینے والی سروے ٹیم میں شامل عہدیداروں نے سب کریٹیکل ‘ سوپر کریٹیکل سے بھی بہتر ٹیکنالوجی کے ذریعہ نئے برقی پیداواری پلانٹ کا قیام عمل میں لانے کیلئے اراضی کے ساتھ ساتھ کوئلہ اور پانی کی بہتر سہولتیں پائی جانے کی نشاندہی کی ہے ۔ اور کہاکہ اس طرح بہت ہی کم آلودگی کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی کے ذریعہ تعمیر کئے جانے والے ’’سوپر کریٹیکل الٹرا یونٹس ‘‘ کو ملک بھر میں پہلی مرتبہ پالونچہ میں ہی قائم کررنے پر اولین ترجیح دی جا رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ ریاست میں ہر موسم میں موثر برقی سربراہی کو یقینی بنانے کے انتظامات کر چکی ہے ۔