کرناٹک میں دوجوہری پاور پلانٹس کی اجازت

   

نئی دہلی۔ ہندوستان کے نیوکلیئر پاور ریگولیٹر نے کرناٹک کے ضلع کاروار میں کائیگا جنریٹنگ اسٹیشن پر 700 میگاواٹ کے دو جوہری پاور پلانٹس کی تعمیر کے لیے کھدائی کی اجازت دے دی ہے۔کائیگا میں یونٹ 5 اور 6 کے لیے کھدائی کی اجازت مقامی طور پر تیار کردہ پریشرائزڈ ہیوی واٹر ری ایکٹرز (PHWRS) کے ایک نئے ورژن کے آغاز کی نشاندہی کرتی ہے۔ اٹامک انرجی ریگولیٹری بورڈ (AERB) نے 31 مارچ کو کائیگا کے یونٹ 5 اور 6 کے لیے کھدائی کی اجازت دی۔ AERB نے نومبر 2020 میں دو جوہری پلانٹس کے قیام کی منظوری دی تھی ۔ نیوکلیئر پاور کارپوریشن آف انڈیا لمیٹڈ (این پی سی آئی ایل) جوان دونوں پلانٹس کی تعمیر کر رہی ہے، نے کمپلیکس میں پہلے سے موجود چار 220 میگاواٹ یونٹس سے یونٹ 5 اور 6 کو الگ کرنے کے لیے باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے۔ گاڑیوں سے شعاعوں کی جانچ پڑتال کا نظام اور احاطے میں داخل ہونے کا نظام دونوں کام کررہے ہیں۔ حکومت نے گزشتہ ماہ پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ 700 میگاواٹ کے ان دو یونٹس کا تعمیراتی کام اگلے سال پہلے کنکریٹ ڈالنے کے ساتھ شروع ہونے کا امکان ہے۔مرکزی کابینہ نے جون 2017 میں 700 میگاواٹ کی صلاحیت کے ساتھ 10 جوہری پاور پلانٹس کے قیام کو منظوری دی۔