حیدرآباد 28 اپریل ( سیاست نیوز ) : شنکر پلی میں این سی سی لمٹیڈ میں پیر کی شام تیز ہواؤں کی وجہ سے دو کرینیں ایک ڈھانچہ پر گر گئے جس کی وجہ سے پانچ مزدور ہلاک ہوگئے اور دیگر 11 مزدور زخمی ہوگئے ۔ پیر کی شام اچانک تیز ہواؤں اور زور دار بارش کے بعد یہ واقعہ پیش آیا ۔ ابتدائی معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ مہالنگا پورم میں فلائی اوور اور میٹرو ریل کے لیے پری کاسٹ ڈھانچے اور ستون بنائے جارہے تھے ۔ شنکر پلی پولیس نے بتایا کہ جب تیز ہواؤں کے ساتھ بارش شروع ہوئی تقریبا 16 مزدور بارش سے بچنے کے لیے ایک عارضی شیڈ کے نیچے ٹھہر گئے اس دوران ایک کرین گر گئی اور اس کے ساتھ ہی دوسری کرین بھی گر گئی اور یہ کرین ایک شیڈ پر جاگری جہاں مزدور بارش سے بچنے کے لیے ٹھہرے ہوئے تھے ۔ دیگر مزدور اور پولیس راحت کاری کے لیے پہنچ گئی ۔ پولیس کے مطابق تین مزدوروں کی واقعہ پر ہی موت ہوگئی جب کہ دیگر دو مزدور دوران علاج فوت ہوگئے ۔ زخمیوں کو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ۔۔ ش k/b