کسانوں کے حق میں مرن برت کرنے اتم کمار ریڈی کی دھمکی

   

دھان کی خریدی روکنے کی مذمت، کُل جماعتی اجلاس میں شرکت

حیدرآباد۔/7نومبر، ( سیاست نیوز) سابق صدرپردیش کانگریس اور رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ اتم کمار ریڈی نے انتباہ دیا کہ اگر مرکز اور ریاست کی جانب سے کسانوں سے دھان کی خریدی کا آغاز نہیں کیا گیا تو وہ مرن برت کا آغاز کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی کاشت کرنے والے کسان مرکز اور ریاست کی پالیسیوں کے نتیجہ میں مسائل کا شکار ہیں۔ تلنگانہ میں زیادہ تر کسان دھان کی فصل اُگاتے ہیں لیکن دونوں حکومتوں نے دھان کی خریدی سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو اقل ترین امدادی قیمت1960 روپئے فی کنٹل کے حساب سے دھان کی خریدی کا فوری آغاز کرنا چاہیئے۔ انہوں نے اندرا کرانتی پتھم کے تحت خریدی مراکز قائم کرنے اور پرائمری اگرکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیز میں خریدی کا انتظام کرنے کا مطالبہ کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ خریدی میں تاخیر سے کسانوں کو بھاری نقصان کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں کسانوں کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں اور پھر ان کا دعویٰ کسان دوست ہونے کا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کلکٹریٹ سوریا پیٹ میں پوڈو اراضیات پر کُل جماعتی اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی علاقوں میں کاشت کرنے والے کسانوں کو اراضی پر حق کا وعدہ پورا کیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے اجلاس میں کسانوں کے مسائل کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو ہر دیہات میں دھان کی خریدی کے مراکز قائم کرنا چاہیئے۔ اتم کمار ریڈی نے پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے کسانوں کے حق میں جدوجہد کرنے کی ہدایت دی۔ ر