حیدرآباد۔/14 جنوری، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے آج سنکرانتی کے موقع پر نکلیس روڈ پیپلز پلازہ میں منعقدہ کائیٹ فیسٹول میں حصہ لیا اور عوام کو سنکرانتی کی مبارکباد پیش کی۔ سابق وزیر ٹی سرینواس یادو نے بھی فیسٹول میں حصہ لیتے ہوئے پتنگ اُڑائی اور عوام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کشن ریڈی نے کہا کہ ملک کیلئے جاریہ سال اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال رام مندر کا افتتاح اہمیت کا حامل ہے اور 22 جنوری کی تقریب پر ساری دنیا کی نظریں ہیں۔ کئی دہوں کی جدوجہد کے بعد رام مندر کی تعمیر کا خواب پورا ہوا ہے۔ بی جے پی کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر لکشمن اور بی جے پی قائد سی ایچ رامچندرا ریڈی نے بھی کائیٹ فیسٹول میں حصہ لیا۔ کشن ریڈی نے نریندر مودی کی تصویر کے ساتھ تیار کی گئی پتنگ کو اُڑایا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مختلف تہذیبوں اور مذاہب کے ماننے والے بستے ہیں اور ایک خاندان کی طرح سنکرانتی تہوار منایا جاتا ہے۔ سنکرانتی دراصل ایک نئی کرانتی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کیلئے 11 روزہ برت رکھا ہے۔1