کف سیرپ معاملہ :شبھم جیسوال مفرور مجرم قرار

   

وارانسی، 5 اپریل (یو این آئی) اتر پردیش کے شہر وارانسی کی ایک عدالت نے کف سیرپ کی اسمگلنگ کے ایک بڑے معاملے میں کلیدی ملزم اور سرغنہ شبھم جیسوال کو مفرور مجرم قرار دے دیا ہے ۔ ایڈیشنل سیشن جج (فاسٹ ٹریک کورٹ-14) نے ہفتہ کے روز اس معاملے میں فرار ملزم شبھم جیسوال کو بی این ایس ایس کی دفعہ 84(4) کے تحت مفرور مجرم قرار دیا۔ پولیس کے مطابق، شبھم جیسوال کے خلاف عدالت نے 27 فروری کواعلانِ عام جاری کر دیا تھا۔ عدالت کی جانب سے جاری حکم نامے کی ایک نقل ملزم کے گھر کے مرکزی دروازے پر چسپاں کی گئی، جبکہ ایک اور نقل عوامی مقام یعنی بس اسٹینڈ پر بھی لگائی گئی۔ اس حکم کی تعمیل ملزم کے گھر پر گواہوں کی موجودگی میں کی گئی۔ چونکہ ملزم شبھم جیسوال مقررہ تاریخ 30 مارچ کو عدالت میں پیش نہیں ہوا، اس لیے عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ اسے مفرور مجرم قرار دیا جائے ، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔(G/W)