کمرشیل گیاس کی قیمت میں 993 روپئے کا ا ضافہ

   

کاروباری طبقہ پریشان، ہوٹل انڈسٹری کو جھٹکہ
حیدرآباد ۔یکم مئی (سیاست نیوز) مغربی ایشیاء میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات اب ملک میں ایندھن کی قیمتوں پر واضح ہونے لگے ہیں۔ ملک کے پانچ ریاستوں میں انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد تیل کمپنیوں نے کمرشیل استعمال کیلئے 19 کیلو گرام ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں بڑا اضافہ کرکے فی سلینڈر پر تقریباً 993 روپئے کا بوجھ صارفین پر ڈال دیا ہے۔ نئے اضافہ کے بعد ملک بھر میں کمرشیل گیاس سلینڈر کی قیمتیں 3000 روپئے سے تجاوز کرگئی ہیں۔ حیدرآباد میں کمرشیل سلینڈر کی قیمت تقریباً 3069 روپئے تک پہنچ گئی ہے جبکہ نئی دہلی میں یہ قیمت 3,071.50 ریکارڈ کی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ بھی قیمتوں میں تقریباً 115 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا ۔ اس اچانک اضافہ سے ہوٹل ریستوران اور دیگر کاروباری شعبوں کو بڑا جھٹکہ لگا ہے، جہاں کمرشیل گیس کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔ تاہم 14.2 کیلو گرام گھریلو ایل پی جی سلینڈر کی قیمت میں فی الحال کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے جس سے عام صارفین کو وقتی راحت ملی ہے۔ حالانکہ گزشتہ ماہ اس کی قیمت میں تقریباً 60 روپئے اضافہ کیا گیا تھا۔ ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز میں غیر یقینی صورتحال ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے بعد عالمی سطح پر گیس کی سپلائی متاثر ہوئی جس کے نتیجہ میں قیمتوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔2/k