کمشنر حیڈرا کو ہائیکورٹ سے بڑی راحت

   

عہدہ سے ہٹانے سنگل جج کے احکام کو ڈیویژن بنچ نے معطل کردیا
حیدرآباد ۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) کمشنر حیڈرا اے وی رنگناتھ کو تلنگانہ ہائیکورٹ سے راحت ملی اور ڈیویژن بنچ نے عہدہ سے ہٹانے سنگل جج کے احکامات کو معطل کردیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 3 نومبر کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ 27 جولائی کو جسٹس جے انیل کمار نے احکامات جاری کرکے چیف سکریٹری کو ہدایت دی تھی کہ حیڈرا کمشنر کے طور پر رنگناتھ کو تبدیل کرکے کسی موزوں عہدیدار کا تقرر کیا جائے۔ ایک خانگی کنسٹرکشن کمپنی نے حیڈرا کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی جس میں کہا گیا کہ لوتھ کنٹہ میں 40 ایکر اراضی پر ہائیکورٹ احکام کے باوجود انہدامی کارروائی کی گئی۔ جسٹس انیل کمار نے کمشنر حیڈرا کے خلاف ہائیکورٹ میں کئی توہین عدالت پر برہمی کا اظہار کیا اور حیڈرا کمشنر کے رویہ پر تنقید کی۔ سنگل جج نے 63 توہین عدالت کی نوٹسوں کا حوالہ دیا اور حیڈرا پر من مانی کارروائیوں کا الزام عائد کرکے اُنھیں تبدیل کرنے حکومت کو ہدایت دی تھی۔ حکومت سے حیڈرا کمشنر رنگناتھ کی مکمل تائید کی گئی اور رنگناتھ نے سنگل جج کے احکامات کو چیلنج کیا۔ڈیویژن بنچ کے احکام سے حکومت اور حیڈرا کمشنر کو بڑی راحت ملی ہے۔V/1