کوہلی نے پھر ثابت کردیا کہ: گواسکر

   

نئی دہلی، 14 مئی (آئی اے این ایس) کرکٹ لیجنڈ سنیل گواسکر نے ویراٹ کوہلی کی ایک اور دباؤ بھری شاندار اننگز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سابق کپتان نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے خلاف ناقابل شکست 105 رنز بنا کر ثابت کردیا کہ پرانی نسل کے کھلاڑی اب بھی سب سے بہترین ہیں۔آئی پی ایل 2026 کے رائے پور میں کھیلے گئے میچ میں کوہلی کی 60 گیندوں پر ناقابل شکست سنچری، جو آئی پی ایل تاریخ کی ان کی نویں اور مجموعی طور پر ٹی20 کرکٹ کی دسویں سنچری تھی، کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) نے 193 رنزکا ہدف پانچ گیندیں باقی رہتے ہوئے چھ وکٹوں سے حاصل کر لیا اور پوائنٹس ٹیبل پر دوبارہ پہلا مقام حاصل کر لیا۔کوہلی کی شاندار اننگز پر اظہار خیال کرتے ہوئے گواسکر نے کہا کہ تجربہ کار کوہلی نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے باوجود وہ آج بھی دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔کوہلی کے کے آر کے خلاف غیرمعمولی رہے۔ انہیں ہدف کا تعاقب کرنے کا فن دوسروں سے بہتر آتا ہے۔ ٹی20 سنچریوں کے معاملے میں وہ 10 سنچریوں کے ساتھ کرس گیل اور بابر اعظم کے بعد تیسرے نمبر پر ہیں۔ لیکن وہ سب سے تیزی سے 14 ہزار ٹی20 رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں اور ان کے نام آئی پی ایل میں نو سنچریاں ہیں۔ ریکارڈز ٹوٹنے کے لیے بنتے ہیں، مگر جو تسلسل کوہلی ہر میچ اور ہر سیزن میں دکھا رہے ہیں، اس کی برابری کرنے میں بہت وقت لگے گا۔

سارہ انگلینڈ کی فیلڈ نگ کوچ
لندن ،14 مئی (ایجنسیز) انگلینڈ کی سابق خاتون کھلاڑی سارہ ٹیلر کو انگلینڈ مینز ٹیم کی فیلڈنگ کوچ مقررکردیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سارہ ٹیلرکو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے فیلڈنگ کوچ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سارہ ٹیلر کو کارل ہوپکنسن کی جگہ مختصر دورانیے کے لیے ذمہ داری دی گئی ہے، کارل ہوپکنسن آئی پی ایل میں مصروف ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ سارہ ٹیلر اینڈریو فلنٹاف کے ساتھ انگلینڈ لائنزکے اسکواڈ کے ساتھ بھی کام کر چکی ہیں۔ سارہ ٹیلر انگلینڈ سینیئر مینز ٹیم کے ساتھ کام کرنے والی پہلی خاتون کوچ ہوں گی۔ سارہ کا شمار انگلینڈ ویمنز ٹیم کی بہترین وکٹ کیپر پلیئرزکے طور پر ہوتا ہے۔