حیدرآباد 10 جون ( سیاست نیوز) سابق مرکزی وزیر سشما سوراج نے انہیں آندھرا پردیش کی گورنر بنائے جانے کی اطلاعات کی تردید کی ہے ۔ واضح رہے کہ آج دن بھر یہ اطلاعات گشت کرتی رہی ہیں کہ مرکزی حکومت نے سشما سوراج کو آندھرا پردیش کی گورنر نامزد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ اس سلسلہ میں یہ بھی دعوی کیا گیا تھا کہ چیف منسٹر اے پی جگن موہن ریڈی سے بھی اس کی منظوری حاصل کرلی گئی ہے تاہم بعد میں خود سشما سوراج نے ایسی اطلاعات کی نفی کردی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے صرف وزارت خارجہ سے سبکدوشی پر نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی تھی اور اس کے فوری بعد ان کے گورنر بنائے جانے کی اطلاعات گشت کرنے لگی ہیں جو درست نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مرکزی وزیر ہرش وردھن نے اپنے ٹوئیٹر پر سشما سوراج کو گورنر آندھرا پردیش بنائے جانے کی مبارکباد پیش کی تھی تاہم کچھ دیر بعد انہوں نے اپنے ٹوئیٹ کو حذف کردیا تھا ۔