ہندوستان کی آج زمبابوے کے خلاف سیریز کامیابی پرتوجہ

   

ہرارے، 24 جولائی (آئی اے این ایس) نئے کپتان شریاس ایئرکی قیادت میں شکستوں کا سلسلہ توڑنے کے بعد ہندوستان کی ٹیم ہفتہ کو ہرارے اسپورٹس کلب میں زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کامیابی حاصل کرکے 3 میچوں کی سیریز اپنے نام کرنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف مسلسل سیریز میں شکست کے بعد 3 مرتبہ کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ چمپئن ہندوستان نے سیریزکے پہلے میچ میں شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ہندوستان کی کامیابی کی بنیاد نوجوان بلے باز وائبھَو سوریا ونشی نے رکھی، جنہوں نے صرف 18 گیندوں پر ریکارڈ نصف سنچری بناکر بین الاقوامی کرکٹ میں نصف سنچری بنانے والے سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کے علاوہ طویل عرصے بعد واپسی کرنے والے فاسٹ بولر مایانک یادو نے18 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کرکے شاندار کارکردگی دکھائی۔126 رنز کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستان نے 40 گیندیں باقی رہتے ہوئے کامیابی حاصل کرلی۔ ایشان کشن اور کپتان شریاس ایئر نے بھی رنزکے تعاقب میں اہم کردار ادا کیا۔ اوپنر ابھیشیک شرما، جنہوں نے 2 سال قبل اسی میدان پر اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی سنچری بنائی تھی، پہلے میچ میں سستے میں آؤٹ ہوئے تھے اور وہ ہفتہ کو بہترکارکردگی پیش کرنے کے خواہاں ہوں گے۔ عبوری ہیڈ کوچ وی وی ایس لکشمن کی قیادت میں ٹیم مینجمنٹ نوجوان فاسٹ بولروں کی مجموعی کارکردگی سے بھی خوش ہوگی۔ 21 ماہ کی انجری کے بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کرنے والے مایانک یادو نے اپنی تیز رفتار گیندوں اور اضافی باؤنس سے زمبابوے کے بیٹرس کو پریشان کیا۔ پرنس یادو نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ڈیبیو کرنے والے اشوک شرما نے اپنی تیز رفتارگیندوں سے متاثر کیا۔ زمبابوے کے لیے سب سے بڑا مسئلہ حقیقی رفتار رکھنے والے گیند بازوں کے خلاف اس کے ٹاپ آرڈرکی کمزوری ہے۔ اتوار کو ہونے والے آخری ٹی ٹوئنٹی سے قبل ہفتہ کو کوئی آرام کا دن نہیں ہے، اس لیے ہندوستان کی کوشش ہوگی کہ دوسرے میچ میں ہی سیریز اپنے نام کرلے اور پھر 3-0 کی کلین سویپ پر توجہ مرکوزکرے۔