یوم آزادی تقریب میں تریشا کی شرکت پر ٹاملناڈو میں سیاسی تنازعہ

   

چینائی ۔ 17 اگست اگست (آئی اے این ایس) تمل ناڈو میں اداکارہ تریشا کرشنن کی چیف منسٹر سی جوزف وجے کی جانب سے 15 اگست کو فورٹ سینٹ جارج میں منعقدہ یوم آزادی تقریب میں شرکت پر سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا ہے۔ اے آئی اے ڈی ایم کے رہنما آر بی ادے کمار نے تقریب میں تریشا کو اگلی صف میں نشست دیے جانے پر وجے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس انتظام پر سوال اٹھایا ہے۔ تریشا نے تمل ناڈو کے چیف منسٹرکی حیثیت سے وجے کی پہلی یوم آزادی پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی۔ انہیں اگلی صف میں وجے کے والدین ایس اے چندر شیکھر اور شوبا چندر شیکھر کے ساتھ بیٹھے دیکھا گیا، جبکہ تریشا کی والدہ اوما کرشنن بھی تقریب میں موجود تھیں۔ تقریب کی تصاویر اور تریشا کی موجودگی نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کی۔ اے آئی اے ڈی ایم کے رہنما ادے کمار نے سرکاری تقریب میں وجے کے قریبی افراد کو نمایاں مقام دیے جانے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے مبینہ طور پر تریشا کی موجودگی کو تمل ناڈو کے لیے ’’بدقسمتی‘‘ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ سرکاری تقریب میں اس طرح کی نشست اور انتظام نوجوان نسل کو کیا پیغام دے گا۔ انہوں نے یہ بھی سوال کیا کہ ریاست کے ایک اہم سرکاری پروگرام میں فلمی شخصیات یا چیف منسٹرکے قریبی افراد کو اس قدر نمایاں مقام دینا تمل ناڈو کی روایات اور وقارکے مطابق ہے یا نہیں۔تریشا اور وجے کئی تمل فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں اور دونوں کی طویل پیشہ ورانہ وابستگی اکثر عوامی توجہ کا مرکز رہی ہے۔