یونین پبلک سرویس کمیشن سیول سرویس امتحانات کا ملک کے سخت امتحانات میں شمار

   

کامیابی کی شرح محض 0.15 فیصد، 10 مسابقتی امتحانات سے متعلق سروے
حیدرآباد 30 اپریل (سیاست نیوز) ملک میں یوں تو مسابقتی امتحانات کی کوئی کمی نہیں ہے لیکن بعض امتحانات ایسے ہیں جن میں امیدواروں کی کامیابی کا فیصد انتہائی کم ہے جو اِس بات کا ثبوت ہے کہ مسابقتی امتحانات کی تیاری اور اُن کا معیار کس حد تک بلند ہے۔ ملک کے 10 مختلف مسابقتی امتحانات میں کامیابی کی شرح سے متعلق سروے کیا گیا جس میں یونین پبلک سرویس کمیشن اور این ڈی اے امتحانات میں کامیابی کی شرح محض 0.15 فیصد درج کی گئی۔ یونین پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کے ذریعہ انڈین فارن سرویس، انڈین پولیس سرویس، انڈین سیول سرویس، انڈین فاریسٹ سرویس، انڈین ریونیو سرویس جیسی اہم خدمات کے لئے امیدواروں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ امتحانات کی تیاری اور مسابقت کا اندازہ اِس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ امیدوار کئی برسوں تک امتحان کی تیاری میں عملاً غرق رہتے ہیں اور اُنھیں سلیکشن کے لئے کئی مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ ملک میں سیول سرویس کوچنگ کے لئے کئی نامور ادارے موجود ہیں اور گزشتہ برسوں میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کی جانب سے معاشی طور پر کمزور اور پسماندہ طبقات کے امیدواروں کے لئے مفت کوچنگ کا اہتمام کیا جارہا ہے تاکہ آل انڈیا سروسیس میں کمزور طبقات کی نمائندگی میں اضافہ ہو۔ سروے کے مطابق گیٹ (GATE) مسابقتی امتحانات میں کامیابی کا فیصد سب سے زیادہ یعنی 16.5 درج کیا گیا۔ آئی آئی ٹی، جے ای ای اڈوانسڈ اور سی اے فائنل کے علاوہ NID DAT امتحانات میں 7.5 فیصد کامیابی کی شرح درج کی گئی ہے۔ دیگر مسابقتی امتحانات میں نیٹ 5.5 فیصد، CAT دو فیصد، CLAT چار فیصد اور یو جی سی NET امتحان میں کامیابی کی شرح 6 فیصد درج کی گئی ہے۔ حالیہ برسوں میں سیول سروسیس میں کامیاب امیدواروں کی تعداد میں اضافہ ہوا کیوں کہ سیول سرویس کے خواہشمند امیدواروں کی تعداد ہر سال بڑھتی جارہی ہے۔ سیول سروسیس میں مسلم اقلیت کی نمائندگی میں اضافہ کے لئے مختلف ادارے سرگرم ہیں اور رہائشی کوچنگ کا اہتمام کرتے ہوئے قابل نوجوانوں کو امتحان کے لئے تیار کیا جارہا ہے۔V/1