یوکرین میں پھنسے جموں وکشمیر کے تمام طلبہ کی بحفاظت واپسی

   

سری نگر ۔ روس اور یوکرین کے درمیان موجودہ کشیدگی کے بیچ یوکرین میں پھنسے جموں وکشمیر کے تمام طلبا کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ یوکرین میں پھنسے جموں وکشمیر کے 140 سے 145 طلبا کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نو طالب علموں پر مشتمل آخری کھیپ پو لینڈ کے راستے سے گذشتہ شب دلی پہنچ گئی۔ان کا کہنا تھا کہ جموں وکشمیر حکومت نے دلی میں ان طلبا کے قیام و طعام و دیگر چیزوں کو بندو بست کر رکھا تھا۔ مذکورہ ذرائع نے کہا کہ یونین ٹریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا یوکرین سے طلبا کے انخلا کے عمل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے تھے ۔دریں اثنا جموں و کشمیر سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن نے حکومت کے یوکرین سے طلبا کے بحفاظت انخلا کے اقدام کی سراہنا کی ہے اور اس کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ اسوسی ایشن کے ترجمان ناصر کھویہامی نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ یوکرین بشمول سامی اسٹیٹ میں پھنسے جموں وکشمیر کے تمام طلبا کو نکال لیا گیا۔