کوالالمپور۔16 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا میں فرینکو۔آئرش نژاد 15 سالہ لڑکی کی نعش کی دستیابی اور بعدازاں اس کا پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش کو متوفیہ کے غمزدہ والدین کے حوالے کردیا گیا۔ 15 سالہ نورا کوئرین جو ایک جنگلاتی ریسارٹ سے اچانک لاپتہ ہوگئی تھی اور تلاش بسیار کے بعد اس کی نعش ملنے پر جسم پر تشدد کے کوئی آثار نہیں پائے گئے۔ نورا جس اسٹیٹ میں مردہ پائی گئی تھی اس کا نام نیگیری سیمبلن بتایا گیا ہے جو کوالالمپور سے 70 کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے۔ نیلگیری کے پولیس سربراہ محمد یوسف نے بتایا کہ متوفیہ کی باقیات کو لندن روانہ کیا جائے گا جہاں وہ پیدا ہوئی اور پلی بڑھی۔ انہوں نے بتایا کہ متوفیہ کے جسم پر تشدد کے کوئی آثار نہیں پائے گئے جبکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں موت کی وجہ فاقہ کشی اور جسم کے اندرونی حصہ میں خون بہنا بتائی گئی ہے۔ متوفیہ کے ساتھ کوئی جنسی زیادتی بھی نہیں کی گئی۔ یاد رہے کہ لاپتہ لڑکی کو تلاش کرنے کے لیے دس دن تک مکمل جانفشانی کا مظاہرہ کیا گیا جہاں ہیلی کاپٹرس، ڈرونس اور کھوجی کتوں کا بھی استعمال کیا گیا تھا۔