آئندہ ماہ اسمبلی اجلاس، کے سی آر سے شرکت کرنے ریونت ریڈی کا مطالبہ

   

کانگریس اور بی آر ایس حکومتوں کی کارکردگی پر مباحث، ملگ میں جلسہ عام سے چیف منسٹر کا خطاب

حیدرآباد۔ 16 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج ملگ ضلع میں میڈارم کا دورہ کرتے ہوئے مختلف ترقیاتی اسکیمات کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر نے 868 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کے بعد جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کی ترقی کے لئے ہر ممکن اقدامات کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ صدر پردیش کانگریس کی حیثیت سے انہوں نے ملگ ضلع سے پدیاترا کا آغاز کیا تھا۔ قبائیلی علاقوں کی ترقی اور قبائل کے مسائل کی یکسوئی کے لئے پدیاترا کی گئی تھی۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد میڈرم میں ترقیاتی کام انجام دیئے گئے اور مندر کی ترقی کے لئے فنڈس منظور کئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی وزیر ڈی انوسویا سیتکا نے ملگ ضلع کو اپنی خصوصی دلچسپی کے ذریعہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ سابق بی آر ایس حکومت پر خواتین کی بھلائی کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ بعض افراد نے اپنے اثاثہ جات کو بچانے کے لئے اپنی حقیقی بہن کو گھر سے باہر کردیا۔ انہوں نے کے سی آر کا نام لئے بغیر کہا کہ جس شخص نے اپنی حقیقی بیٹی کے ساتھ انصاف نہیں کیا وہ تلنگانہ کی دو کروڑ خواتین کے لئے انصاف کیسے کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہن سے ناانصافی کو روکنے اور بیٹے کی سرزنش کرنے کے بجائے والد فارم ہاوز میں آرام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کو گھر سے نکال دیئے جانے پر والد کی خاموشی معنی خیز ہے۔ چیف منسٹر نے گزشتہ ڈھائی برسوں میں حکومت کی جانب سے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے لئے کے ٹی آر اور ہریش راؤ کی جانب سے بار بار مطالبہ کیا جارہا ہے۔ حکومت ستمبر میں اسمبلی اجلاس طلب کررہی ہے۔ لہذا ان دونوں کو اپنے ساتھ کے سی آر کو بھی اسمبلی اجلاس میں لانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں دونوں حکومتوں کی کارکردگی پر بحث کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی بھلائی اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے معاملہ میں دونوں حکومتوں کی کارکردگی کا تقابلی جائزہ لیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ڈونیشن کے نام پر پارٹی کارکنوں کا خون خانگی ہاسپٹل کو فروخت کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھلائی کے لئے وہ کام کررہے ہیں اور اگر عوام کا آشیرواد حاصل رہا تو 100 کے سی آر بھی ان کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکیں گے۔ چیف منسٹر نے متحدہ ورنگل ضلع کی ترقی کے لئے مختلف اسکیمات کا اعلان کیا۔ وزیر پنچایت راج سیتکا نے کہا کہ ریونت ریڈی کی قیادت میں ملگ ضلع کی ترقی حیدرآباد کی طرز پر کی جائے گی۔ انہوں نے سابق بی آر ایس حکومت پر متحدہ ورنگل ضلع کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ 1؍F