آئی پی ایل2022 میں 10 ٹیموں کی منظوری

   


احمدآباد۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے 2022 سیزن سے آئی پی ایل میں 10 ٹیموں کو شامل کرنے کی منظوری دے دی۔بی سی سی آئی کی جمعرات کے روزاحمدآباد میں اپنی89 ویں سالانہ عام اجلاس کے دوران آئی پی ایل کی ٹیموں کی تعداد 2022 میں بڑھا کر10 کرنے پر رضمامندی ہوئی۔ آئی پی ایل گورننگ کونسل سے اس سلسلے میں کام کرنے کے لئے کہا گیا ہے ۔ آئی پی ایل میں فی الحال آٹھ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں جن میں ممبئی انڈینس، دہلی کیپٹلس، راجستھان رائلس، چینائی سوپرکنگس، کنگس الیون پنجاب، کلکتہ نائیٹ رائیڈرس ، سن رائزرس حیدرآباد اور رائل چیلنجرس بنگلور شامل ہیں۔آئی پی ایل کا 2020 ایڈیشن ستمبر سے نومبر تک متحدہ عرب امارات (یو اے ای ) میں ہوا تھا جس میں آٹھ ٹیموں نے حصہ لیا تھا اور ممبئی انڈینز نے ریکارڈ پانچویں بار خطاب اپنے نام کیا تھا۔بی سی سی آئی نے دسمبر کے شروع میں ہی اپنی ریاستی اسوسی ایشنز کوآگاہ کیا تھا کہ اے جی ایم کے ایجنڈے میں ایک اہم معاملہ آئی پی ایل کی دو نئی ٹیموں کا شامل کرنا ہوگا۔ اس سلسلے میں بی سی سی آئی کے صدر سوروگنگولی ، سکریٹری جئے شاہ ،خزانچی ارون دھومل اور آئی پی ایل کے چیف آپریٹنگ آفیسر ہمنگ امین نجی طور پر بات چیت کرچکے تھے ۔آئی پی ایل کا 2021 کا ایڈیشن شروع ہونے میں چار مہینے کا وقت رہ گیا ہے اور 2022 کے لئے فیصلہ ہوگیا ہے کہ اس میں 10 ٹیمیں ہوں گی۔