واشنگٹن ۔ 11 جولائی (ایجنسیز) امریکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن نے تہران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یہ اعلان کرے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں پر حملے بند کر دیے جائیں گے۔ جمعہ کے روز نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کرنے والے کچھ سینئر امریکی حکام نے بتایا کہ ایرانی قیادت کے ساتھ مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، تاہم امریکہ چاہتا ہے کہ ایران باضابطہ بیان جاری کر کے اس بات کی یقین دہانی کرائے کہ اس کی فورسز آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو نشانہ نہیں بنائیں گی۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق ’’ہم مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایران عوامی طور پر تسلیم کرے کہ آبنائے ہرمز کے تمام بحری راستے کھلے ہیں اور وہاں جہازوں پر فائرنگ نہیں کی جا رہی۔ یا تو ایران ایسا بیان جاری کرے گا یا پھر مذاکرات کا نتیجہ اس کے لیے اچھا نہیں ہوگا۔‘‘ گزشتہ ہفتہ قطر اور سعودی عرب سے وابستہ تین تجارتی آئل ٹینکروں پر آبنائے ہرمز میں فائرنگ کے واقعہ کے بعد امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس امریکی عہدیدار نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ یہ حملے ’’اس کے نظام کے ایک بے قابو حصے‘‘ کی جانب سے کیے گئے تھے۔