آرمور اردو میڈیم گرلز جونیئر کالج میں لیکچررس کی تقرری کا مطالبہ

   

آرمور۔ 17 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور کے سرکاری اقلیتی اردو گرلز جونیئر کالج میں گزشتہ کئی برسوں سے شعبہ سائنس لیکچر کی شدید قلت کے باعث طالبات کو درپیش تعلیمی مشکلات کے سلسلے میں ریاستی وزیر برائے اقلیتی بہبود جناب محمد اظہرالدین سے ملاقات کرتے ہوئے ایک تفصیلی یادداشت پیش کی گئی اور فوری طور پر مستقل اساتذہ کے تقرر کا مطالبہ کیا گیا۔وفد نے وزیر موصوف کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے اساتذہ کی تقرری نہ ہونے کے سبب گزشتہ کئی برسوں سے مرکز کمیٹی آرمور اپنے ذاتی وسائل سے اساتذہ کا تقرر کرتے ہوئے ان کی تنخواہیں ادا کر رہی تھی تاکہ طالبات کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ تاہم مسلسل مالی بوجھ کے باعث اب مرکز کمیٹی کیلئے مزید تنخواہوں کی ادائیگی ممکن نہیں رہی، جس سے طالبات کے مستقبل پر سنگین خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے وفد کی نمائندگی کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے یقین دلایا کہ طالبات کے روشن مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے جلد از جلد اساتذہ کی تقرری کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔اس موقع پر طلبہ قائد شاہد علی نے کہا کہ اردو جونیئر کالج میں لیکچررکی تقرری کے لیے مسلسل جدوجہد کی جارہی ہے ، مگر متعلقہ حکام کی عدم توجہی کے باعث اب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ انہوں نے وزیر موصوف سے اپیل کی کہ طالبات کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے فوری طور پر سرکاری اساتذہ کا تقرر عمل میں لایا جائے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اس مسئلہ پر اس سے قبل ضلع انٹرمیڈیٹ تعلیمی آفسر (DIEO)، ضلع کلکٹر، اردو اکیڈیمی کے چیئرمین طاہر بن حمدان، بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کے ڈائرکٹر، پرنسپل سکریٹری یوگیتا رانا اور دیگر محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام کو بھی یادداشتیں پیش کی جاچکی ہیں اور دوبارہ حکومت کی توجہ اس اہم مسئلہ کی جانب مبذول کرائی گئی ہے۔اس موقع پر جمعیت علماء ہند صدر آرمور حافظ شیخ ابراہیم ، مرکزی کمیٹی آرمور کے نائب معتمد محمد رضوان، جرنلسٹ یونین کے نمائندہ سید ظفر علی، شہباز اور دیگر ذمہ داران و سماجی کارکنان بھی موجود تھے۔ وفد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طالبات کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آرمور کے سرکاری اردو میڈیم گرلز جونیئر کالج میں فوری طور پر مستقل اساتذہ کا تقرر کیا جائے۔