آرمور میں دو فرضی کلینک مہربند، جعلی ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی

   

عوام کی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف پولیس مقدمات درج کرنے کا مطالبہ

آرمور 5 جون( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ۔ عوام کی صحت اور جانوں سے کھلواڑ کرنے والے جعلی ڈاکٹروں کے خلاف ضلع طبی محکمہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے آرمور شہر کے پریانکا کلینک اور بھارتی کلینک کو سیل کردیا۔ ضلع میڈیکل اینڈ ہیلتھ آفیسر (DMHO) ڈاکٹر راج شری نے اچانک معائنہ کے دوران یہ کارروائی انجام دی۔ تفصیلات کے مطابق آرمور کے کملہ نہرو کالونی علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے مذکورہ کلینکس چلائے جا رہے تھے، جہاں بغیر کسی مستند طبی ڈگری یا سرکاری اجازت نامے کے علاج کیا جا رہا تھا۔ مقامی افراد کے مطابق ان کلینکس میں نہ صرف مختلف بیماریوں کا علاج کیا جا رہا تھا بلکہ بعض معاملات میں غیر مجاز طریقے سے طبی مداخلت اور خواتین کا علاج بھی کیا جا رہا تھا، جس سے مریضوں کی صحت کو شدید خطرات لاحق تھے۔مقامی عوام نے الزام عائد کیا کہ ان کلینکس کے ذمہ داران جعلی ڈاکٹروں کے طور پر کام کرتے ہوئے معصوم اور کم تعلیم یافتہ عوام کو دھوکہ دے رہے تھے۔ کئی مریضوں کی صحت متاثر ہونے اور بیماریوں میں اضافہ ہونے کی شکایات بھی سامنے آئی ہیں۔اس موقع پر ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راج شری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صحت کے معاملے میں محتاط رہیں اور صرف مستند اور رجسٹرڈ ڈاکٹروں سے ہی علاج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی ڈاکٹروں پر بھروسہ کرنا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ادھر مقامی افراد نے الزام لگایا کہ کلینکس سیل کیے جانے کے باوجود بعض ذمہ داران پسِ پردہ علاج کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوام نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ جعلی ڈاکٹروں کے خلاف فوری مقدمات درج کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہوسکے۔اس کارروائی میں ڈی ایم اینڈ ایچ او راج شری، ڈپٹی ڈی ایم اینڈ ایچ او رویندر، سیانا، چندرشیکھر اور محکمہ صحت کے دیگر عہدیداروں نے حصہ لیا۔ عوام نے ضلع کلکٹر اور محکمہ صحت کی بروقت کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے جعلی طبی مراکز کے مکمل خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔