آر ایس ایس ہندوستان کے جاریہ انتخابات سے مایوس!

   

صدی تقاریب سال 2025 میں منعقد نہ کرنے کا فیصلہ، موہن بھاگوت

حیدرآباد۔19 اپریل (سیاست نیوز) راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ ہندستان میں جاری انتخابات سے مایوس ہوچکی ہے!آر ایس ایس اپنی صدی تقاریب کے انعقاد کے سلسلہ میں گذشتہ کئی برسوں سے تیاریاں کرتی آرہی تھی لیکن گذشتہ یوم آرا یس ایس چیف موہن بھاگوت نے یہ اعلان کرتے ہوئے سب کو حیرت میں ڈال دیا کہ 2025 میں آر ایس ایس اپنی صدی تقاریب منعقد نہیں کرے گی ۔ ملک میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار حاصل ہونے کے بعد سے یہ بات کہی جا رہی تھی کہ آر ایس ایس کی 100 سالہ تقاریب تک حکومت کو برقرار رکھتے ہوئے سنگھ کئی فیصلے کرسکتا ہے اور تنظیم کی صدی تقاریب کے دوران ملک میں بڑا اعلان کیا جاسکتا ہے لیکن موہن بھاگوت نے گذشتہ یوم ایک کتاب کی رسم اجراء تقریب کے دوران یہ اعلان کیا کہ آر ایس ایس اپنی صدی تقاریب نہیں منائے گی اور آر ایس ایس کو اپنی کامیابیوں پر کوئی سینہ ٹھوکنے کی ضرورت نہیں ہے۔ موہن بھاگوت کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کے بعد کہا جا رہاہے کہ آر ایس ایس ملک کے عام انتخابات کے نتائج سے مایوس ہوچکی ہے اور اپنے کیڈر کو متوقع نتائج کے لئے ذہنی طور پر تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے کیونکہ آر ایس ایس کیڈر میں 2025 میں تنظیم کی صد سالہ تقاریب کے سلسلہ میں کافی جوش و خروش پایا جارہا تھا اور کیڈر بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں اپنی صد سالہ تقاریب کے پر جوش انداز میں انعقاد کی تیاریاں کر رہا تھا ۔موہن بھاگوت کی جانب سے کتاب کی رسم اجرائی تقریب سے خطاب کے دوران کئے گئے اس اعلان کے بعد آر ایس ایس کے حلقوں میں تشویش کی لہر پائی جانے لگی ہے اور وہ اس بات کا اعتراف کرنے لگے ہیں کہ ملک میں اب زعفرانی اور سنگھی نظریات کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا۔ موہن بھاگوت نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ آر ایس ایس نے اپنے 100 سال کے دوران کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں لیکن ابھی مقصد کے حصول کے لئے طویل جدوجہد درکار ہے اسی لئے صدی تقاریب کے انعقاد سے زیادہ حصول مقصد پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔3