آر جے ڈی نے پہلی بار چھ خواتین کو انتخابی میدان میں اتارا

   

پٹنہ : راشٹریہ جنتا دل نے اس بار لوک سبھا انتخابات میں 6 خواتین کو میدان میں اتارا ہے، جن میں سے 5 پہلی بار لوک سبھا انتخابات میں اپنی قسمت آزمائیں گی۔ اس بار آر جے ڈی کے ٹکٹ پر 23 امیدوار انتخابی مہم میں اپنی قسمت آزمائیں گے۔ آر جے ڈی نے 6 خواتین کو انتخابی میدان میں اتارا ہے۔ ان میں آر جے ڈی کے قومی صدر لالو پرساد یادو کی 2 بیٹیاں میسا بھارتی اور روہنی اچاریہ کے علاوہ بیما بھارتی، ریتو جیسوال، انیتا دیوی اور ارچنا رویداس شامل ہیں۔ میسا بھارتی کے علاوہ دیگر 5 خواتین پہلی بار لوک سبھا انتخابات میں اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔لالو۔رابڑی کی بیٹی راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ میسا بھارتی تیسری بار پاٹلی پتر پارلیمانی سیٹ سے الیکشن لڑنے جا رہی ہیں۔ اس سے قبل میسا بھارتی نے 2014 اور 2019 میں پاٹلی پتر سیٹ سے الیکشن لڑا تھا لیکن دونوں بار انہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار رام کرپال یادو سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس الیکشن میں بھی میسا بھارتی کا مقابلہ سابق مرکزی وزیر بی جے پی امیدوار رام کرپال یادو سے ہوگا۔ جبکہ دوسری بیٹی روہنی آچاریہ پہلی بار لوک سبھا انتخابات میں سارن پارلیمانی سیٹ سے میدان میں ہیں۔