یکم اپریل سے عمل آوری، مسافرین پر اضافی مال بوجھ
حیدرآباد۔یکم؍ اپریل، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے ٹول ٹیکس کے چارجس میں اضافہ کرنے کے بعد تلنگانہ آر ٹی سی نے بھی ٹول چارجس کے نام پر آر ٹی سی بس ٹکٹوں کی قیمتوں پر یکم اپریل سے اضافہ کردیا ہے۔ پہلے ہی عوام پٹرول، ڈیزل، پکوان گیس کے علاوہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ پریشان تھے ان پر مزید ٹول ٹیکس کا بوجھ عائد کردیا گیا ہے۔ پہلے سے خسارے میں چلنے والے تلنگانہ آر ٹی سی نے راست طور پر آر ٹی سی کی شرحوں میں اضافہ کرنے کے بجائے مختلف سیس کے نام پر پہلے ہی آر ٹی سی کے کرایوں میں دو یا تین مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے آر ٹی سی بسوں میں سفر کرنے والے مسافرین پر مالی بوجھ عائد کردیا ہے۔ نیشنل ہائی ویز کی جانب سے ٹول ٹیکس میں اضافہ کرنے کے بعد آر ٹی سی پر عائد ہونے والے بوجھ کو کم کرنے کیلئے مسافرین سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آرڈینری تا گروڈا پلس بسوں میں ہر ایک مسافر سے ٹول پلازا چارجس کے نام پر تازہ ترین فیصلہ کے مطابق 4 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نان اے سی سلیپر بسوں میں 15 روپئے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اے سی سلیپر بسوں میں ہر مسافر سے 20 روپئے وصول کئے جارہے ہیں۔ ٹول پلازا سے گذرنے والی سٹی آرڈینری بسوں میں ٹکٹ پر چار روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔ن