20 ہزار روپئے رشوت کا الزام، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والا مسافر پکڑا گیا
حیدرآباد ۔یکم مئی (سیاست نیوز) ضلع سنگا ریڈی کے رائے کوٹ منڈل میں اس وقت صورتحال کشیدہ ہوگئی جب حیدرآباد سے نارائن کھیڑ جانے والی آر ٹی سی بس میں ٹکٹ چیکنگ کے دوران ایک آفیسر پر حملہ کردیا۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشیل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں مسافروں کو قانون ہاتھ میں لیتے ہوئے دکھایا گیا۔ اطلاعات کے مطابق آر ٹی سی کے چیکنگ انسپکٹر نے معمول کی کارروائی کے تحت بس کو روکا اور ٹکٹوں کی جانچ شروع کی۔ اس دوران ایک مسافر بغیر ٹکٹ کے سفر کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ معاملہ نے اس طول پکڑا جب کنڈکٹر اور مسافروں نے الزام لگایا کہ انسپکٹر نے کیس نہ درج کرنے کے عوض 20 ہزار روپئے کا رشوت کا مطالبہ کیا ۔ اس پر مشتعل ہوکر مسافروں اور بس کنڈکٹر نے ٹکٹ چیکنگ کرنے والے کے ساتھ ہاتھا پائی شروع کردی۔ اس ہنگامہ کی وجہ سے بس کافی دیر تک رکی رہی جس سے دیگر مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ واقعہ کے بعد متاثرہ آفیسر نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو پر عوام کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے۔ کچھ لوگ رشوت کے الزامات پر تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں تو کچھ لوگ نے ڈیوٹی پر موجود آفیسر پر تشدد کی سخت مذمت کی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آر ٹی سی انتظامیہ اپنے ملازمین کے خلاف لگنے والے رشوت کے الزامات اور آفیسر پر ہونے والے حملہ پر کیا ٹھوس کارروائی کرتی ہے۔2/k/m/b