چیف منسٹر آسام ہیمنتا بسوا سرما کی اہلیہ کے پاسپورٹ معاملے پر ہنگامہ
نئی دہلی 7 اپریل (ایجنسیز) آسام پولیس نے آج کانگریس لیڈر پون کھیڑا کے دہلی کے نظام الدین علاقے میں واقع رہائش گاہ پر تلاشی لی۔ یہ کارروائی آسام کے چیف منسٹر ہیمنتا بسوا سرما کی اہلیہ رینیکی بھویان سرما سے متعلق پاسپورٹ تنازعہ کے سلسلے میں کی گئی۔ پولیس ٹیم نے دہلی پہنچنے کے بعد مقامی پولیس کو مطلع کیا، جس کے بعد دہلی پولیس نے بھی کارروائی میں تعاون کیا۔ حکام نے تصدیق کی کہ تلاشی مکمل کر لی گئی تاہم تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ یہ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب کانگریس نے دہلی اور گوہاٹی میں پریس کانفرنس کرکے الزام لگایا کہ رینیکی بھویان سرما کے پاس یو اے ای ، مصر اور انٹیگوا و باربوڈا کے پاسپورٹس ہیں، اور ان کے بیرون ملک کاروباری مفادات بھی ہیں۔ ان الزامات کے بعد رینیکی بھویان سرما نے آسام پولیس کے کرائم برانچ میں پون کھیڑا اور دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی۔ دوسری جانب چیف منسٹر سرما نے بھی گوہاٹی میں الگ مقدمہ درج کرواتے ہوئے ان الزامات کو فرضی قرار دیا۔ چیف منسٹر سرما نے دعویٰ کیا کہ یہ الزامات ایک سوشل میڈیا گروپ سے حاصل کردہ مواد پر مبنی ہیں اور اسے بیرونی سازش کا حصہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل اس طرح کے الزامات سنگین نوعیت کے ہیں اور ان پر قانونی کارروائی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ پون کھیڑا پولیس کارروائی کے دوران حیدرآباد روانہ ہو گئے۔ادھر رینیکی بھویان سرما نے سوشل میڈیا پر تمام الزامات کی تردید کی اور کہا کہ ان کے یا انکے خاندان کے کسی فرد کے بیرون ملک کوئی اثاثے یا کاروبار نہیں ہیں۔ انہوں نے کانگریس لیڈروں سے بھی جوابی سوالات کیے۔ کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اس معاملے پر مرکزی حکومت اور وزیر خارجہ سے وضاحت طلب کی ہے، جبکہ پارٹی کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے پولیس کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیا اور اسے جمہوری آواز کو دبانے کی کوشش بتایا۔