آسٹریلیا کو شکست ، نیوزی لینڈ نے سیریز جیت لی

   


ویلنگٹن : نیوزی لینڈ نے ٹی 20 سیریز کے پانچویں اور آخری مقابلے میں آسٹریلیا کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز3-2 سے اپنے نام کرلی ۔ آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان سے 142 رنز اسکور کئے ۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ نے اوپنر مارٹن گپٹل کی ایک اور شاندار نصف سنچری کی بدولت 3 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز اسکور کئے ۔ گپٹل نے 46 گیندوں میں 7 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 71 رنز اسکور کرنے کے علاوہ نوجوان اوپنر ڈیوین کونوے کے ہمراہ پہلی وکٹ کیلئے 106 رنز کی پارٹنر شپ نبھائی ۔ کونوے نے 28 گیندوں میں 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ گلین فلپس نے 16 گیندوں میں 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 34 رنز اسکور کئے ۔ قبل ازیں آسٹریلیا نے 1 سے زائد بیاٹسمنوں کی جانب سے بہتر شروعات ملنے کے باوجود کوئی بڑا اسکور نہیں بنایا ۔ جیسا کہ میتھیو ویڈ نے 29 گیندوں میں 3 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 44 رنز جبکہ کپتان ارون فنش نے 32 گیندوں میں 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 36 رنز اسکور کئے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے آیش سودھی نے 24 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ٹم ساوتھی اور ٹرینٹ بولٹ کی فاسٹ بولروں کی جوڑی نے فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ گپٹل کو مین آف دی میاچ اور سودھی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔